بی جے پی کی کانگریس پر تنقید ، معطل شدہ نامزد کارپوریٹروں کے معاملہ میں میئر سے استعفیٰ کا مطالبہ
جعلی دستاویزات کے ذریعہ نامزد کارپوریٹروں کے عہدے پر فائز ہو نے والوں کے خلا ف معاملہ درج کیا جائے ۔ رکن اسمبلی مہیش چو گلے
بھیونڈی :(عارِف اگاسکر) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے بھیونڈی نظام پور شہر میو نسپل کارپوریشن میں چارمعطل شدہ نامزد کارپوریٹروں کےتعلق سے بی جے پی نےمیو نسپل کارپوریشن میں بر سر اقتدار کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کر تے ہوئے میئر سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش چو گلے نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں الزام عائد کر تے ہوئے کہا ہے کہ بھیونڈی میو نسپل کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر بد عنوانی کی جا رہی ہے نیزبرسر اقتدار لیڈران اور افسران بد عنوانی میں ملوث ہیں اور انتظامیہ پر اعلیٰ افسران کا کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔ حال ہی میں چار نامزد کارپوریٹروں کے معطلی کے معاملے میں کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کر تے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی مہیش چو گلے نے کہا کہ میو نسپل کمشنر نےمعطل شدہ چار نامزد کارپوریٹروں کے تعلق سے بتایا ہے کہ ان کی نامزدگی غیر قانونی ہے اس کے با وجود میئر نے میو نسپل قوانین و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کونسل میں اکثریت کی بنا پرغلط تجویز کو منظوری عطا کی ہے ۔
جنرل بورڈ کے اجلاس میں حزب اختلاف کے لیڈر شیام اگروال اور بی جے پی کے کارپوریٹروں نے اس تجویز کی سخت مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں آمرانہ رویہ اور من مانی کا راج چل رہا ہے ۔ انہوں نے معطل شدہ کارپوریٹروں کے تعلق سے حکومت کے فیصلے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس عہدے پر حکومت نے دانشوروں کی تقرری کا قانون بنایا ہے اس عہدے پررشوت خوری کے ذریعہ بد عنوان افراد کو فائز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نےکانگریس پارٹی پر شدید حملہ کر تے ہوئے کہا کہ کانگریس نے دوسری پارٹیوں سے آئے ہوئے ایسے افراد کو نامزد کارپوریٹر کے عہدے پرفائز کیا ہے جو اپنی پارٹی کے تئیں وفادار نہیں رہے اور جنھوں نے فرضی دستاویزات کے ذریعہ مذکورہ عہدہ حاصل کیا ہے ۔ ایسے بد عنوان افراد اقتدار کا غلط استعمال کر کےانتظامیہ کو لو ٹتے ہیں اور مال بٹور کر کروڑوں کی املاک بناتے ہیں ۔ عوام نے جن افراد کو اقتدار سے بے دخل کر دیا ہے ایسے افراد دولت کے بل بوتے اقتدار میں داخل ہو نے کی کو شش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرضی اسناد کے ذریعہ عہدہ حاصل کر نے والوں کے مجر مانہ ریکارڈ کی تحقیقات کی جائے اور ان کے خلاف فوجداری معاملہ درج کیا جا ئے ۔
حزب اختلاف کے لیڈر شیام اگروال نے کہا کہ میو نسپل کارپوریشن میں ہو نے والی بد عنوانی کے سبب شہر کی تر قی رُک گئی ہے ۔ شہر کو بر باد کر نے میں میو نسپل افسران کا بڑا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کونسل میں اکثریت ہو نے کے باوجود کانگریس پارٹی عوامی مسائل کو حل کر نے میں ناکام رہی ہے ۔ عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیے بغیرمن مانی کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کر تے ہوئے کہا کہ ٹینڈر میں شفافیت نہیں برتی جارہی ہے ، صاف صفائی اور دیگر ٹھیکوں میں بد عنوانی شباب پر ہے ، ایک ہی کمپنی کو کئی کئی ٹھیکے دیے جا رہے ہیں جس کی بی جے پی ہمیشہ سے مخالفت کر تی آئی ہے اور کر تی رہے گی ۔ حکومت کی جانب سے بھیونڈی میں قابل افسر کو بھیجا جا تا ہے لیکن انتظامیہ میں شامل بد عنوان افراد ان کولوٹا دیتے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے موصول ہو نے والے فنڈ کا استعمال ٹھیک ڈھنگ سے نہیں کیا جا تا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ جب تک عوام میں بیداری نہیں آئے گی تب تک یہ شہر ترقی نہیں کر ے گا۔جس کے لیےضروری ہے کہ انتظامیہ میں جاری بد عنوانی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے ۔