اورنگ آباد پولس کمشنریٹ کا مستحسن قدم
’آپریشن مسکان‘ کے تحت لاوارث بچوں کو سرپرستوں کے سپرد کرنے کی مہم
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) پولس کمشنریٹ کی جانب سے شہر میں آپریشن مسکان شروع کیا گیا ہے جس کے تحت لاپتہ بچوں کو تلاش کرکے ان کے سرپرستوں کے سپرد کیا جائے گا ۔ یہ اطلاع اسسٹنٹ پولس کمشنر ناگ ناتھ کوڑے نے نامہ نگاروں کو دی ۔ انھوں نے بتایا کہ شہر اورنگ آباد کے مختلف علاقوں سے ۱۸؍ سال کی عمر تک کے اب تک ۷۲ بچے لاپتہ ہوچکے ہیں ۔ جن میں سے ۴۰ لڑکیوں کا شمار بھی ہے ۔ ان میں ایسے بچے بھی شامل ہیں جو ہوٹل اور لاج میں کام کرتے تھے اور چند بچے راستوں پر بھیک مانگا کرتے تھے ۔ ان سبھی ۷۲ بچوں کے سرپرستوں نے متعلقہ پولس اسٹیشن میں گمشدگی رپورٹ لکھوائی ہے لہذا ان بچوں کو تلاش کرکے ان کے سرپرستوں کے سپرد کرنے کے لئے ایک مہم یکم تا ۳۱؍دسمبر تک چلائی جارہی ہے ۔ ان بچوں کو اس وقت تک چائیلڈ ہوم میں سہارا دیا جائے گا جب تک ان کے سرپرست انھیں آکر نہیں لے جاتے ۔