صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

حالیہ اسمبلی انتخابات سے بی جے پی صدر امِت شاہ پریشان

ارکان پارلیمان کو ہر طرح کے حالات کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کے ساتھ ہی عوام سے راست رابطہ کا حکم

1,608

ممبئی : (ریحان یونس) مہاراشٹر بی جے پی کے سینئر منسٹر چندر کانت پاٹل نے جس وقت یہ دعوی کیا کہ شیو سینا کے ساتھ اتحاد کے مسئلہ پر مصالحت کے لئے بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے اسی وقت بی جے پی کے قومی صدر امِت شاہ نے پارٹی کے تمام ممبران پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عام انتخابات کے لئے پوری طرح تیار رہیں وہ اکیلے ہی انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ ایک رکن پارلیمان کے مطابق شاہ کی قیادت میں منعقد کی گئی میٹنگ میں شاہ نے کسی کو بھی کچھ بولنے اور سوال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی ۔ حالیہ تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد مختلف ریاستوں میں ممبران پارلیمنٹ کی میٹنگوں کا آغاز کیا گیا ہے اور ان حالات سے کیسے نکلا جائے اس مدعے پرخطاب کیا ہے ۔ شاہ نے مہاراشٹر کے اراکین پارلیمنٹ سے بدھ کی رات دہلی کے مہاراشٹر سدن میں خطاب کیا ۔

اس میٹنگ میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ممبران موجود تھے ۔ ایک رکن پارلیمان نے کہا کہ یہ یک طرفہ میٹنگ تھی جس میں کسی کو بھی کچھ کہنے یا سوال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم اسکولی بچے ہوں اور کسی سخت استاد کی باتوں کو بغور سن رہے ہوں ۔ ایک رکن پارلیمان نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ شاہ نے مودی قیادت والی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکیموں کے فوائد اور کرم فرمائیوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ آپ کو عوام کے پاس جا کر ان مختلف اسکیموں کے فوائد سے انہیں مطلع کرنا ہو گا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ شاہ کی تمام تر توجہ کا مرکز مُدرا اور اُجوَلا اسکیم کی جانب تھا جس کے سبب عورتوں ، ضرورت مندوں اور غریبوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوئے ہیں ۔ مُدرا ایک ایسی اسکیم ہے جس کے تحت چھوٹے تاجر 10 لاکھ تک قرض حاصل کر سکتے ہیں ۔

جبکہ اُجوَلا اسکیم کے تحت سطح افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والے ایل پی جی گیس سلینڈر حاصل کر سکتے ہیں ۔ امِت شاہ کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کو پارٹی لیڈران ، ضلعی اور تعلقہ صدور ، پارٹی کی مختلف سیل کے صدور کی میٹنگوں کا انعقاد کرنا چاہیے اور ان کو مذکورہ اسکیمات اور ان کے فوائد سے بہرہ ور کرنا چاہیے ۔ اس کے دوسرے مرحلہ کے طور پر پارٹی لیڈران کو ان اسکیموں کے اصل فوائد بتا کر عوام کو بی جے پی کی جانب مائل کرنے کے لئے میٹنگوں کا انعقاد کرنا ہو گا ۔ ایک ایم پی نے کہا کہ شاہ نے شیو سینا سے اتحاد سے متعلق زیادہ کچھ نہیں کہا ۔ شاہ نے اراکین پارلیمنٹ کو مطلع کیا کہ بی جے پی شیو سینا سے اتحاد کے حق میں ہے حالانکہ شیوسینا پر اعتماد نہیں ہے ۔ شاہ نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی طرح کے حالات کے لئے تیار رہنا چاہیے یہاں تک کہ اگر ہمیں آئندہ انتخابات میں اکیلے ہی اترنا پڑے تو ہمیں اس کے لئے بھی  تیار رہنا چاہیے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.