صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ساکہ ناکہ کی مساجد سے نشہ کیخلاف مہم کا آغاز

خیرانی روڈ جری مری اشوک نگر گھاٹکوپر سنجے نگر کرلا کی مساجد سے اعلان

1,474

ممبئی : عروس البلاد ممبئی کےساکی ناکہ مسلم اکثریتی علاقہ میں صحافی نور محمد خان کی قیادت میں ”نشہ سے پاک ساکی ناکہ مہم“ کے زیر اہتمام تمام مکاتب فکر کی مساجد میں ایک ہفتے سے دعوت نامہ دے کر آئمہ کرام سے گزارش کی گئی تھی کہ جمعہ کے خطبہ میں معاشرے کو نشے سے نجات دلانے اور مسلم نوجوانوں کو راہ راست پر لانے کے لیئے تقریر کے ذریعہ اس تحریک کا افتتاح کریں جس کے پیش نظر علاقے کی مختلف مساجد میں نشہ خوری پر قدغن لگانے اور معاشرے کو نشے سے پاک کرانے کے عزائم کے ساتھ ہی آئمہ کرام نے بیداری مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر رضاجامع مسجد خیرانی روڈ کے امام و خطیب ذولفقار علی برکاتی نے فرمایا کہ مسلمانوں کا دینی علوم اور علمائےکرام سے دور رہنا ان کی تباہی و گمراہی کا ذریعہ ہے اگر والدین اپنے بچوں کو دینی تعلیم دیں اور گھر میں دینی ماحول کی فضا بنائیں تو برائی قریب نہیں آسکتی لیکن افسوس ہے کہ مسلمانوں میں نشہ خوری عام ہوتی جارہی ہے ۔ ذولفقار علی برکاتی نے مزید فرمایا کہ جب تک دینی علوم حاصل نہیں کرینگے اور حلال و حرام کی تمیز نہیں ہوگی تب تک نشہ خوری کا خاتمہ ناممکن ہے ۔
حسینیہ جامع مسجد کے امام و خطیب عبدالطیف قاسمی نے کہا کہ تمام قسم کی نشہ خوری اسلام میں حرام ہے اس کے باوجود آج کے دور میں یہ لعنت مسلم نوجوانوں میں عام ہوتی جارہی ہے عبدالطیف قاسمی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ مسلم علاقوں میں نشے کا کاروبار ہوتا ہے ؟ جس کی وضاحت کرتےہوئےموصوف نے فرمایا کہ مسلمانوں کو ایک سازش کے تحت تباہ و برباد کرنے کے لیے منظم پلان بنایا گیا ہے اسی تباہی کے اسباب میں سے ایک نشہ خوری ہے انھوں نے کہا کہ قوم کے ذمہ داروں کو مشترکہ کوشش کرنا چاہیئے کہ نشے کا کاروبار کرنے والوں پر قدغن لگانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں ۔
بلال مسجد راجیونگر کے امام و خطیب اورنگ زیب نوری نے فرمایا کہ علم دین حاصل کرنا مسلمان پر فرض ہے علم سے جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے اور دنیا و آخرت دونوں سنورتی ہے لیکن علم کا نہ ہونا تمام برائیوں اور گمراہی کی وجہ ہے اورنگ زیب نوری نے مزید فرمایا کہ والدین کی لاپرواہی بھی نوجوانوں کی بربادی کی ایک وجہ ہے انھوں نے کہا کہ علم دین حاصل کرنے والوں کو اللہ تبارک و تعالی نے اعلی عہدے پر فائز کیا اگر ہم ان کے نقش قدم پر چلیں تو برائی ہمارےقریب نہیں آسکتی ہے ۔
ہری مسجد جری مری کے امام و خطیب مفتی نوید احمد قاسمی نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "جوجس قوم کی مشابہت اختیارکرتا ہے اس کا شمار اسی میں سے ہوگا” موصوف نے وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ بچوں کا پہلا مدرسہ ماں کی گود ہے بچہ ماں کی گود سے تربیت پاتا ہے اور جب بچپن سے ہی دینی علوم سے آراستہ کرتے ہیں تو وہ بچہ کبھی گمراہ نہیں ہوتا ہے لیکن دینی علوم اور تربیت نہ ہونے کی وجہ سے نشہ جیسی لعنت کا شکار ہورہے ہیں ایسی صورت میں اس کا جواب والدین کو اللہ کے یہاں دینا ہے ۔
غازی مسجد اشوک نگر کے امام و خطیب محمد الیاس نوری نے کہا کہ مسلمانوں میں نشہ خوری عام بات ہوگئی ہے مسجد ھذا معاشرے سے نشہ خوری کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے الیاس نوری نے نشہ مخالف مہم کا استقبال کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس پر خطر دور میں مسلم نوجوانوں میں نشہ کیخلاف بیداری مہم قابل تعریف اقدام ہے اس مہم میں ہم سب کو شامل ہوکر نشہ کا خاتمہ کرنا چاہیئے تاکہ نوجوانوں کی زندگی سنور سکے
سنجے نگر میں واقع نورانی مسجد کے امام و خطیب محمد رضا نوری نے فرمایا کہ نبی ﷺ نے جب شراب کو حرام قرار دیا تب مدینے کی گلیوں میں شراب کی ندیاں بہنے لگی ایمان والوں نے آپ ﷺ کے حکم کی تعمیل کی وہی قانون اور حکم آج بھی ہے محمد رضا نوری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ایمان کی کمزوری کی وجہ سے مسلمان شراب و دیگر نشے کی لعنت کا شکار ہوچکے ہیں کیونکہ یہ مسلمان دینی علوم سے اب بھی کوسوں دور ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.