پولیس نےمولانا یوسف رضا کو ۲؍ برس کے لیے شہر بدر کر دیا
بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) بھیونڈی پولیس نے تنظیم علمائے اہل سُنّت کے بانی مولانا یوسف رضا کوشہر میں نظم و نسق کے لیے خطرہ بتاتے ہوئے تھانے ضلع ، ممبئی ضلع اور نئی ممبئی کے حدود سے دوبرس کے لیے شہر بدر کر دیا ہے ۔ یوسف رضا کے اس طرح شہر بدر کرنے سے ان کے حامیوں میں شدید اضطراب پایا جا تا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل رضا اکیڈمی کے شکیل رضا کو بھی شہر میں نظم و نسق کے لیے خطرہ بتا تے ہوئے شہر بدر کیا گیا ہے ۔
مو صولہ اطلاع کے مطابق بارہ سال قبل۵؍ جولائی ۲۰۰۶ء کو پانچ پیر قبرستان سے متصل قطعہ اراضی پر پولیس اسٹیشن کی تعمیر کی مخالفت میں زبردست عوامی احتجاج کیا گیا تھا ۔ جس کے بعد شہرمیں تشدد پھوٹ پڑا تھا جسے روکنے کے لیے پولیس کو فائرنگ بھی کر نا پڑی تھی ۔شہر میں پھوٹ پڑ نے والے تشدد کے معاملے میں شہریوں کو ورغلانے اور شہر کی پُرامن فضا کوداغدار کرنے کے الزام میں پولیس نے مولانا یوسف رضا کے خلاف دو مقدمات درج کیے تھے لیکن دو نوں مقدمات میں وہ ضمانت پر رہا ہوئے ہیں جبکہ دونوں ہی مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں ۔
اس کے علاوہ گذشتہ برس کوٹر گیٹ جامع مسجد میں نماز وامامت کے معاملے میں ہوئے آپسی تنازع میں پولیس نے ان کے خلاف تعزیرات ہندکی مختلف دفعات کے تحت معاملہ بھی درج کیا تھا ۔ مذکورہ معاملہ میں بامبے ہائی کورٹ سے انھیں عارضی ضمانت حاصل ہوئی ہے ۔ متذکرہ معاملات کے پیش نظربھیونڈی شہر پولیس نے مولا نایو سف رضا کو شہر کے نظم و نسق کے لیے خطرہ بتا تے ہوئے اعلیٰ حکام کے پاس انھیں شہر بدر کر نے کی تجویز روانہ کی تھی جس پر کارروائی کے بعد مولانا یوسف رضا کو تھانے ضلع ، ممبئی ضلع اور نئی ممبئی کے حدود سے دو برس کے لیےشہر بدر کیا گیا ہے ۔ یوسف رضا کواس طرح شہر بدر کر نے سے ان کے حامیوں میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے ۔