صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

انجمن اسلام نے بابا بنگالی کی تصویر اور مہمان خصوصی والے پروگرام کو ہال دینے سے منع کیا !

ایکتا فورم ممبئی کے مشاعرہ اور کوی سمیلن میں کون ہےمہمان خصوصی ، آزاد میدان فساد کا ملزم یا  نومنتخب صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نئی دہلی سراج الدین قریشی ؟

2,150

ممبئی : انجمن اسلام نے ایک ایسے پروگرام کیلئے صابو صدیق کا الما لطیفی ہال دینے سے انکار کیا جس کے دعوت نامہ پر بابا بنگالی معین میاں کی تصویر اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے نام درج تھا ۔اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ ایکتا فورم ممبئی کے مشاعرہ اور کوی سمیلن میںکون ہےمہمان خصوصی ، آزاد میدان فساد کا ملزم یا نومنتخب صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نئی دہلی سراج الدین قریشی؟ نظام الدین راعین جنہیں اور دل بدلو کے طور پر بھی جانا جاتا ہے ۔ویسے وہ بیچارے کانگریس سے بغاوت کرکے کارپوریشن الیکشن میں اپنے بیٹے کو مجلس اتحاد المسلمین کے ٹکٹ پر الیکشن لڑانے کے بعد نہ گھر کے رہے نہ گھاٹ کے ۔ ان کی ایک تنظیم ہے ’ایکتا فورم ‘ وہ ہر سال قومی ایکتا یعنی یکجہتی کیلئے مشاعرہ کا انعقاد کرتی ہے ۔ اس سال بھی گاندھی جی کی برسی یعنی ۳۰ ؍ جنوری کو صابو صدیق کالج آف انجینئرنگ میں کل ہند مشاعرہ اور کوی سمیلن کا انعقاد کررہی ہے ۔ اس مشاعرہ کی دعوت نامہ کیلئے نظام الدین راعین نے پتہ نہیں کتنے قسم کے دعوت نامے چھپوائے ہیں لیکن ورلڈ اردو نیوز کو دو طرح کے دعوت نامے موصول ہوئے ہیں ۔ایک میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے آزاد میدان فساد کے ملزم معین میاں عرف بابا بنگالی کا نام ہے اور دعوت نامہ کی پیشانی پر ایک جانب بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تصویر ہے اور دوسری جانب آزاد میدان فساد کے ملزم کی تصویر ہے ۔ ایک فسادی کے ساتھ مہاتما گاندھی کی تصویر سراسر بابائے قوم کی توہین ہے ۔ دوسرے قسم کے دعوت نامہ میں اوپر صرف مہاتما گاندھی کی تصویر ہے اور نیچے مہمان خصوصی کی حیثیت سے نومنتخب صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نئی دہلی سراج الدین قریشی کا نام ہے ۔

دعوت نامہ کے مطابق اس موقعہ پر مہاتما گاندھی پیس اوارڈ بھی دیا جائے گا ۔اب پتہ نہیں یہ اوارڈ کسے اور کیوں دیا جائے گا ۔ممکن ہے کہ یہ اوارڈ بھی معین میاں کے لئے مختص ہو ویسے بھی ہمارے ملک میں فسادیوں کو اوارڈ دینے کا چلن زوروں میں ہے ۔تو اگر معین میاں کو بھی مہاتما گاندھی امن اوارڈ سے سرفراز کیا جائے تو کوئی تعجب نہیں ہونا چاہئے ۔ مسلمان یہ نہ سمجھیں کے بھکت صرف مودی جی کے ہی ہیں ، ہمارے یہاں بھی بڑے بڑے بھکت ہیں اور مودی جی کے بھکتوں سے زیادہ پرتشدد ۔ اسی طرح معین میاں کے بھکت بھی بے شمار ہیں ۔ اردو کے قارئین کو مودی میاں کے بھکتوں کی وہ حرکتیں یاد ہوں گی جو انہوں نے مرحوم صحافی معین الدین اجمیری ایڈیٹر سیرت اور نوجوان صحافی شاہد انصاری کیخلاف سچائی پر مبنی رپورٹ شائع کرنے کی پاداش میں مختلف پولس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر کراکے انجام دی تھیں لیکن معین میاں پر شاہد انصاری کیخلاف ایف آئی آر کرانا مہنگا پڑا اور اب ان کے غنڈوں کیخلاف ہی ایف آئی آر درج ہونے شروع ہوگئے ہیں ۔

نظام الدین راعین کے مشاعرہ اور کوی سمیلن کے لئے دو طرح کے دعوت ناموں کا سچ کیا ہے ؟ اس تعلق سے ہم نے جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ اصل دعوت نامہ تو وہی ہے جس پر آزاد میدان فساد کے ملزم معین میاں کی تصویر اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے بابا بنگالی کا نام درج ہے ۔ لیکن جب اس دعوت کو لے کر انجمن اسلام کے صابو صدیق انجینئرنگ کالج کے الما لطیفی ہال کی بکنگ کیلئے گئے تو انتظامیہ نے انہیں ہال دینے سے منع کردیا ۔ واضح ہو کہ معین میاں عرف بابا بنگالی نے انجمن اسلام کی ایک جگہ پر قبضہ کررکھا ہے اور وہ معاملہ وقف بورڈ میں زیر سماعت ہے ۔ اس لئے انجمن اسلام نے ایسے کسی پروگرام جس میں بابا بنگالی ہو ہال کرایہ پر دینے سے منع کردیا ۔ اس کے بعد دوسرا کارڈ چھاپا گیا جس میں نہ تو معین میاں عرف بابا بنگالی کی تصویر ہے اور نہ ہی مہمان خصوصی کی حیثیت سے نام درج ہے ۔ اب مہمان خصوصی کی حیثیت سے نومنتخب صدر انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نئی دہلی سراج الدین قریشی کا نام ہے ۔ بابا بنگالی کو ہر جگہ اسی طرح ذلیل و خوار ہونا پڑے گا کیوں کہ بابا بنگالی ایک زمین مافیا کی حیثیت سے شناخت بنا چکا ہے ۔ ویسے ہم نے اس سلسلے میں انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس قسم کے کسی معاملہ سے انکار کیا کہ معین میاں کے مہمان خصوصی ہونے کی وجہ سے ہال کرایہ پر دینے سے منع کیا گیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.