صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کیخلاف ۱۵؍ فروری کو آزاد میدان میں عوامی اجلاس

مذکورہ احتجاج کی کامیابی کیلئے الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی مسلسل میٹنگوں اور عوامی رابطوں میں مصروف ہے

369,390

ممبئی : سی اے اے ،این پی آر اور این آر سی کیخلاف ۱۵ ؍ فروری کو آزاد میدان میں عوامی اجلاس کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مذکورہ احتجاج کی کامیابی کیلئے الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی مسلسل میٹنگوں اور عوامی رابطوں میں مصروف ہے ۔ ساٹھ سے زائد سماجی اور انسانی حقوق کیلئے جد و جہد کررہی تنظیموں کے متحدہ محاذ برائے انسداد سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی نے ۱۵ ؍ فروری ۲۰۲۰ کو ایک عوامی اجلاس کا اعلان کیا ہے جو آزاد میدان نزد سی ایس ٹی منعقد کیا جائے گا ۔

واضح ہو کہ پارلیمنٹ میں سی اے اے قانون پاس ہونے کے فوری بعد جماعت اسلامی ہند نے دہلی میں مذکورہ محاذ یا الائنس کا اعلان کیا تھا جس میں مسلمانوں سمیت سبھی مذاہب اور فرقوں کے لوگوں کو شامل کیا گیا تھا اور گذشتہ ماہ ممبئی کے پریس کلب میں مہاراشٹر اور ممبئی شاخ کا قیام ہوا تھا ۔ کیوں کہ مذکورہ قانون کے تعلق سے ماہرین قانون کا ماننا ہے کہ یہ دستور ہند کیخلاف ہے اور باشعور عوام پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آئین ہند کے تحفظ کیلئے مشترکہ جد و جہد کریں ۔

۱۵ ؍ فروری کے عوامی اجتماع کی کامیابی کیلئے محاذ روزانہ میٹنگ کرکے اس کی تیاری کا جائزہ لے رہا ہے ۔ اسی سلسلے میں ایک میٹنگ بروز ہفتہ رابوڑی تھانے میں ہوئی ۔ میٹنگ میں آزاد میدان کی ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں طے کیا گیا کہ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کیخلاف سبھی فرقوں میں بیداری لانے کیلئے کوشش کی جائے نیز آزاد میدان تک احتجاج میں شامل ہونے والے افراد کی سہولت کیلئے بسوں کا نظم بھی کیا جائے گا ۔

رضاکاروں کی تیاری اور ان کے ذمے کام کی تقسیم کی جائے تاکہ احتجاجی اجلاس کامیابی سے ہمکنار ہو ۔ ہورڈنگ اور پوسٹرس کی مناسب تقسیم کاری اور ہر فرد تک آزاد میدان کے احتجاج کی معلومات پہنچانے کی کوشش کیلئے محاذ اپنی پوری قوت سے تیاریوں میں مصروف ہے ۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک محاذ کی آواز پہنچانے کیلئے جمعہ کے خطبہ کا سہارا لینے کی بات بھی طے کی گئی نیز  بودھ وہاروں ،مندروں گرودواروں اور چرچوں سے بھی مسلسل رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

دوسری میٹنگ ملت نگر میں بھی ہوئی ،غرضیکہ ہر روز الائنس اگینسٹ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی روزانہ میٹنگ کا انعقاد کررہا ہے ۔ تھانے رابوڑی کی میٹنگ میں تھانے و اطراف کے تقریبا ڈیڑھ سو اہم شخصیات نے شرکت کی جنہیں مولانامحمود دریا بادی ،فرید شیخ ، ڈاکٹر عظیم الدین ،جماعت اسلامی ممبئی کے ذمہ دار عبد الحسیب بھاٹکر ،شاکر شیخ ، ٹاٹا انٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنس کے فہد اور مقامی آرگنائزر انجم باپے نے خطاب کیا ۔ واضح ہوکہ اس ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے جو کہ ۱۵ ؍ فروری ۲۰۲۰ کو دوپہر ۲؍ بجے سے ۵ ؍ بجے تک آزاد میدان میں ہوگا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.