صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

۲۳ ؍ فروری کو سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کیخلاف آزاد میدان میں جمعیت کا اجلاس

346,733

ممبئی : سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ممبئی میں جمعیت العلماء ہند کا ایک روزہ اجلاس منعقد ہوگا ۔ واضح ہو کہ سی اے اے کے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پاس ہونے کے فوری بعد جمعیتہ العلما نے پورے ملک میں احتجاج کیا تھا جس کو تقریبا دو ماہ ہوچکے ہیں ۔ اس طویل خاموشی کے بعد خبر آئی ہے کہ ملک میں موجودہ حالت کے مد نظر جمعیت العلماء ہند نے ٢٣ ؍فروری کو ممبئی کے آزاد میدان میں یک روزہ اجلاس منعقد کرنے اعلان کیا ہے ، جس کی تیاریاں زوروں پر ہیں ۔

مذکورہ اجلاس سابق ایم ایل اے بشیر موسیٰ پٹیل کی سربراہی میں ہوگا ۔ اس اجلاس میں ملک میں سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کو لیکر علماء اور دانشور اظہار خیال کرینگے اور یہ بتانے کی کوشش کریں گے کہ مذکورہ قوانین کس طرح دستور ہند کے خلاف ہیں اور یہ عوام کے اجتماعی مفاد کے بھی خلاف ہے ۔ اجلاس کے سربراہ اور سابق رکن اسمبلی بشیر موسی پٹیل نے کہا کہ ہم سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کی مخالفت کرتے ہیں کیونکہ یہ قانون ملک کے عوام کے درمیان  نااتفاقی اور نفرت کو پیدا کرنے والا ہے ۔

موسیٰ پٹیل نے بتایا کہ اجلاس کا مقصد یہی ہے کہ ملک میں عوام کے درمیان اخوت اور اتحاد پیدا ہو ۔ جمعیت کی جانب سے تیاریوں کو دیکھتے ہوئے اس اجلاس میں ہزاروں لوگوں کی شرکت کی امید جتائی جا رہی ہے جسمیں امید کی جارہی ہے کہ بیرون شہر اور ریاست سے بھی بڑی مقدار میں علما اور دانشوروں کی شرکت متوقع ہے اسی وجہ سے  دو ہزارسے زائد لوگوں کے لئے ممبئی کے صابو صدیق مسافر خانے میں قیام کا انتظام بھی کیا گیا ہے ۔

اس اجلاس کو لیکر منتظمین نے ریاست کے وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعلی سے ملاقات بھی کی ہے تاکہ اجلاس میں نظم و نسق کو لیکر کسی طرح کی  کوئی دقت نہ ہو ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس کو تاخیر سے منعقد کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اتنے دنوں سے پولس کی اجازت نہیں مل رہی تھی ، مگر اب پولس کی جانب سے اجازت بھی مل گئی ہے اور ریاستی وزیر داخلہ  نیز نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد اس کے انعقاد پر مہر لگ چکی ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.