صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بائیکلہ سے مجلس کے ایم ایل اے وارث پٹھان اول مقام پر

ارکان اسمبلی میں سر فہرست ، ان کی دولت میں چار سوفیصد سے زائد کا اضافہ

63,815

 

پانچ سال میں مجلس اتحادلمسلمین کے بائیکلہ سے ایم ایل اے وارث پٹھان کی دولت میں 416 فیصد کا اضافہ

ممبئی : گذشتہ پارلیمانی انتخاب یعنی ۲۰۱۴ کے موقع پر ممبئی کے ناگپاڑہ میں اکبر الدین اویسی نے ناگپاڑہ میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا ’مجلس یہاں آئی ہے تو آپ کی عزت کیلئے آپ کے وقار کیلئے اور آپ کے حقوق دلانے کیلئے ۔ ہم یہاں الیکشن جیتنے کیلئے نہیں آئے ہیں ہم آپ کے دلوں کو جیتنے کیلئے آئے ہیں‘ ۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’وہ مسلمانوں کے دلوں کو جیت کر فاتح مہاراشٹر بننا چاہتے ہیں‘ ۔ انہوں نے مسلم عوام کو مسحور کرنے کیلئے ایک اور پرجوش دعویٰ بھی کیا تھا ، وہ دعویٰ تھا ’اگر مجلس میں کوئی آرہا پیسہ کمانے کیلئے ، اپنی دکان کھولنے کیلئے تو میں اس سے کہوں گا کہ جس دن مجھے معلوم ہوگیا کہ وہ پیسہ کمارہا ہے اللہ اور اس کے رسول کی قسم دھکے مار کر اپنی جوتی اس کے سر پر رکھ نکال باہر کروں گا‘ ۔ لیکن آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ مودی کے اچھے دنوں کی طرح اکبرالدین اویسی یا مجلس اتحاد المسلمین کا مذکورہ دعویٰ بھی ایک انتخابی جملہ تھا ۔ کیوں کہ وارث پٹھان کی دولت میں پانچ سال کے عرصہ میں چارسو گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔

کچھ دن قبل انڈین ایکسپریس نے ممبئی اور مہاراشٹر کے ارکان اسمبلی کی دولت کا جائزہ لیا تھا ۔ اس میں اس نے الیکشن کمیشن میں داخل حلف ناموں کے حوالے سے بتایا کہ ۲۹ ایم ایل کی دولت میں ۷۷ فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ جبکہ پانچ ایم ایل اے کی دولت میں ۲۰۰ فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ دولت میں اضافہ کی فہرست میں مجلس اتحادالمسلمین کے بائیکلہ مسلم اکثریتی علاقہ سے ایم ایل اے وارث پٹھان دولت میں اضافہ کے معاملہ میں سر فہرست ہیں ۔ انکی دولت میں ۴۱۶ فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ۲۰۱۴ میں انہوں اپنے اثاثہ کی مالیت تین کروڑ سے کچھ زیادہ بتایا تھا جبکہ حالیہ انتخابی فارم میں ۱۵ اعشاریہ ۸۰ کروڑ لکھا ہے ۔ وارث پٹھان کی دولت میں بے پناہ اضافہ کی کیا وجہ ہے یہ تو وہی جانتے ہیں لیکن اب اکبرالدین اویسی کو اپنا ناگپاڑہ میں کیا گیا وعدہ ضرور پورا کرنا چاہئے تاکہ ممبئی اور مہاراشٹر کے مسلمان ان کی باتوں پر اعتماد کرسکیں ۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو مسلمان یہی سمجھیں گے کہ مودی اور شاہ کے انتخابی جملوں کی طرح اویسی برادران بھی اللہ اور رسول ﷺ کی قسم کھاکر انتخابی جملے استعمال کرتے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.