صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

علی گڑھ میڈیکل ایسوسی ایشن ، مملکت متحدہ (یوکے) کے زیر اہتمام الومنائی میٹ کا انعقاد

38,079

علی گڑھ : علی گڑھ میڈیکل ایسوسی ایشن، مملکت متحدہ (یوکے) کے زیر اہتمام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے ابنائے قدیم نے سمر کراس، ہرگیٹ ہال روڈ، وورم ہِل، یوکے میں ایک شاندار الومنائی میٹ کا انعقاد کیا جس میں شعبۂ امراض خواتین و زچگی ، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) سے پروفیسر سیما حکیم بطور مہمان خصوصی اور یوجی سی ایچ آرڈی سنٹر و خلیق احمد نظامی سنٹر برائے قرآنی علوم ، اے ایم یو کے ڈائرکٹر پروفیسر عبدالرحیم قدوائی بطور مہمان اعزازی شریک ہوئے ۔

پروفیسر سیما حکیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یوکے میں مقیم جے این ایم سی کے ابنائے قدیم نے اپنے عزم و حوصلہ اور محنت سے نہ صرف اپنے خوابوں کی تکمیل کی ہے بلکہ اپنی مادرِ علمی کا بھی نام کیا ہے۔ انھوں نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے حوالے سے کہاکہ خواب وہ نہیں ہوتے جو آپ نیند کی حالت میں دیکھتے ہیں بلکہ وہ ہوتے ہیں جو آپ کو سونے نہیں دیتے جب تک کہ آپ انھیں پورا نہ کرلیں۔

اے ایم یو اور جے این ایم سی میں ہونے والی پیش رفت اور ترقیوں کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر سیما حکیم نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور یونیورسٹی انتظامیہ معیاری سہولیات فراہم کرانے کے تئیں پرعزم ہے۔ انھوں نے کہا ’’متعدد قومی و بین الاقوامی اکیڈمک رینکنگ ایجنسیوں نے جن میں یوایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ، ٹائمز ہائر ایجوکیشن، دی ویک-ہنسا، نیشنل انسٹی ٹیوشنل رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) حکومت ہند، آؤٹ لُک اور انڈیا ٹوڈے شامل ہیں، اے ایم یو کو ممتاز یونیورسٹیوں میں شامل کیا ہے‘‘۔

مہمان اعزازی پروفیسر عبدالرحیم قدوائی نے ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم کے چیلنجزو امکانات پر گفتگو کی ۔

علی گڑھ میڈیکل ایسوسی ایشن ، مملکت متحدہ (یوکے) کے صدر ڈاکٹر خالد رضوی نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا جب کہ نائب صدر ڈاکٹر حبیب احمد نے ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر امجد ، ڈاکٹر ظفر اور ڈاکٹر شائستہ نے بھی اظہار خیال کیا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.