صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی شہر کے راستوں کی فوراً درستگی نہ ہونے پر راشٹروادی کانگریس کی طرف سے احتجاج کا اشارہ

35,817

بھیونڈی : بھیونڈی شہر جو سارے ملک میں اپنے راستوںکی خراب حالت کے سبب بدنام ہوتا جا رہا ہے ۔ یہاں کے شہری راستوںمیں گڈھوں کی بجائے گڈھوں میں راستے ڈھونڈنے لگے ہیں۔بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے عہدیداران اور کارکنان کی تساہلی اور مجرمانہ غفلت کے سبب آئے دن کوئی نہ کوئی حادثہ ہوتا رہتا ہے ۔ پچھلے دن بائیک سے موت ہوجانے کے سانحہ سے شہر اب تک صدمے میں ہے ۔ اس کے باوجود کارپوریشن کی جانب سے کوئی پیش رفت یا کام میں تیزی دکھائی نہیں دیتی ہے۔ان حالات کے مدنظر بھیونڈی راشٹروادی کانگریس کے صدر خالد گڈو نے بھیونڈی کارپوریشن کے کمشنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس دن کی بارش کے سبب کارپوریشن کے سارے تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے۔

بھیونڈی میں آر سی سی راستے کی تعمیر کا کام انتہائی سست روی سے جاری ہے، جس کے سبب عوام کو بے پناہ تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انجور پھاٹا سے دھامنکر ناکہ کے مختصر فاصلے کو طئے کرنے کے لیے ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے ۔ اسکول کے بچے ، نوکری پیشہ افراد اور کاروباری لوگ ہر کوئی راستوں کی خراب حالت سے پیدا ہونے والی ٹرافک کی دگرگوں حالت سے پریشان ہیں۔ٹرک ،ٹیمپو کے علاوہ بائیک سے بھی جلد اپنی منزل پر پہنچنا محال ہوگیا ہے ۔ اسلیے اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے ۔ آئندہ کچھ دنوں کے بعد یوم آزادی، عیدالضحیٰ ، گنیش اتسو جیسے تہوار آنے والے ہیں عوام کی خوشیاں ان تہواروں سے وابستہ ہے ۔

مگر راستوں کی خراب حالت کے سبب لوگوں کی خوشیوں کے رنگ میں بھنگ پڑنے کے آثار دکھائی دیتے ہیں،جس سے عوام میں غم اور غصہ کے سبب شہر میں لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔اسلئے خالد گڈو نے کمشنر سے واضح طور پر کہا کہ اس راستوں کی تعمیر میں تیزی لائی جائے اور خراب سڑکوں کو درست کیا جائے، اگر کارپوریشن نے فوری طور پر اس پر عمل درآمد نہیں کیا تو راشٹروادی کانگریس پارٹی اپنے تمام عہدیداران ،کارکنان اور عوام کے ساتھ راستے پر اتر کار کارپوریشن کے خلاف احتجاج کرےگی اور لوگوںکے جذبات کو حکومت تک پہنچائےگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.