صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ’شودھ گنگا‘ پورٹل پر تحقیقی مقالے شائع کرنے کے معاملہ میں تیسرے مقام پر

36,845

علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)، وزارت فروغ انسانی وسائل ، حکومت ہند کے تحت چلنے والے اِنفلِب نیٹ (Inflibnet) ’شودھ گنگا‘ پورٹل پر سب سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع کرنے کے معاملہ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔

مولانا آزاد لائبریری ، اے ایم یو کے لائبریرین ڈاکٹر امجد علی نے بتایا کہ اے ایم یو نے شودھ گنگا پورٹل پر 8047 مقالے شائع کئے ہیں اور وہ ہندوستانی یونیورسٹیوں میںتیسری پوزیشن پر ہے ۔ یہ اعداد و شمار سن 2018 کے مقابلے دوگنا بڑھ گئے ہیں جب یونیورسٹی کو پانچویں رینک حاصل تھی ۔

شودھ گنگا پورٹل سبھی یونیورسٹیوں کے حاصلات کو مختلف شعبوں کے مقالوں کی تعداد کے تفصیلی اشاریہ کے ساتھ دکھاتا ہے ۔ اے ایم یو کا شعبۂ کیمسٹری 951؍مقالوں کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے ، جب کہ شعبۂ علم الحیوانات 465؍مقالوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور شعبۂ نباتیات 457؍مقالوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ اے ایم یو نیشنل ڈجیٹل لائبریری آف انڈیا کو بھی سب سے زیادہ تحقیق و مقالے فراہم کرنے والی یونیورسٹی رہی ہے ۔

وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس حصولیابی پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور ریسرچ اسکالروں کو مبارکباد پیش کی ہے ، جس سے اے ایم یو کو اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں قابل فخر مقام حاصل ہوا ہے ۔ اساتذہ اور محققین سے علم کے قومی خزانے میں کثیر تعداد میں معیاری ریسرچ پیپرز اور مقالے فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے پروفیسر منصور نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یونیورسٹی اس بنیاد پر قومی اور بین الاقوامی درجہ بندی میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.