صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی میں ایک شخص پرجان لیوا حملہ کے الزام میں گرفتار گروہ سے مزید قتل کا انکشاف!

1,395

بھیونڈی:(عارِف اگاسکر) بھارتی رِیاست مہاراشٹر کےبھیونڈی شہر سے متصل کشیلی پائپ لائن کے علاقہ میں ایک شخص پر جان لیوا حملہ کر کے اس کو گولی مار کر ہلاک کر نے کی کو شش کی گئی تھی ۔ مذکورہ معاملے میں نارپولی پولیس نےدُلال بھولا منڈل نامی ایک نوجوان کو گرفتار کیا تھا ۔ جس سے سخت تفتیش کر نے پر گرفتار شدہ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے دیگر ۵؍ ساتھیوں سمیت اس سے قبل بھی ایک کار ڈرائیور کا قتل کر کےاس کی کار ہتھیا لی تھی جس کا نمبر پلیٹ تبدیل کر کے انھوں نے اس کی کار کو استعمال کیا تھا ۔ گرفتار شدہ ملزم کے ذریعہ یہ سنسنی خیز انکشاف ہو نے پر پولیس نے اپنا جال بچھا کر اس کے دیگر ۵؍ ساتھیوں کو بھی آتشی اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔

موصولہ اطلاع کے مطابق مغربی بنگال کے رہنے والےملز م د ُلال بھولا منڈل(عمر ۲۹سال) اور ارجن پوتر سرکار(عمر ۳۲سال) دونوں آپس میں رشتہ دار تھے ۔ جبکہ دُلال منڈل پیدائش سے ہی تھانے میں رہائش پذیر ہے ۔ اپنے آبائی وطن مغربی بنگال جاتے ہوئے دُلال منڈل نے ایک آٹو رکشا فروخت کی تھی۔فروخت کے اس لین دین میں ارجن سرکار دُلال منڈل سے کمیشن کی رقم طلب کر رہا تھا۔ جبکہ دُلال منڈل کے مطابق لین دین کے اس معاملے میں ارجن شامل نہیں تھا ۔ لیکن ارجن کمیشن کی رقم پانے کے لیے دُلال منڈل سے ہمیشہ گالی گلوچ کیا کر تا تھا اور اس سے بار بار رقم طلب کیا کر تا تھا۔جس سے تنگ آکر دُلال منڈل نے ۶؍ دسمبر کی شب میں ارجن کو اپنے اسکوٹی پر بٹھا یا اورکشیلی پائپ لائن کے علاقہ میں لے گیا۔ جہاں پر اس نے ریوالور سےارجن پر چار فائر کیے جن میں سے تین گولیان ارجن کے جسم میں پیوست ہو گئیں۔زخمی ارجن کو کچھ لوگوں نے اسپتال میں داخل کیا ۔ مذکورہ معاملے میں نارپولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کر نے پر پولیس نے دُلال منڈل کو اپنی گرفت میں لے کر اس کے قبضہ سےایک پستول اور ایک زندہ کارتوس بر آمد کیا ۔ دُلال منڈل کو یہ اسلحہ کس نے فراہم کیا اس کی تفتیش کر نے پر دُلال منڈل نے پولیس کو بتایا کہ اسے یہ اسلحہ اس کے دوست جئے سنگھ عرف بنٹی گرور سنگھ ٹھاکور(عمر ۳۴سال)نے فراہم کیا ہےجس کے بعد پولیس نے اسے بھی گرفتار کیا ۔ تلاشی لینے پر پولیس نے وجئے سنگھ کی تحویل سے ایک پستول اور ۱۰؍ زندہ کارتوس بر آمد کیے ۔

وجئے سنگھ سے مزید تفتیش کر نے پرپولیس کو جانکاری ملی کہ ۲۳؍ نومبر کو تھانے سےناسک جانے کے بہانے بنٹی ، دُلال اورانجو عرف پر بھاکر ٹھاکور نے بد لاپور کے رہنے والے اروند وشوناتھ دکشت (عمر ۳۵سال) نامی ڈرائیور کی کار کرایہ پر لی جس کے بعد متذکرہ ملزمین کار کے ڈرائیور کو کسارا لے گئے ۔ بعد ازاں پائے گائوں کے حدود میں شارع عام سے دور ایک سُنسان جگہ پر ڈرائیور کو گاڑی لے جانے کے لیے کہا جہاں بنٹی نے اس کے منھ پر روما ل باندھ کر اس کے سر میں گولی مار کر اس کا قتل کر دیا اور اس کی کار کو تھانے کے لوئیس واڑی لے گئے۔ جہاں کار کے نمبر پلیٹ اور کاغذات کوٹھکانے لگانے کے لیے انجو عرف پر بھا کر ٹھاکور کے حوالے کیا گیا اور کار کا نمبر پلیٹ تبدیل کر کے اسے استعمال کر نا شروع کیا ۔ مذکورہ انکشاف ہو نے پر پولیس نے کار کے ڈرائیوراروند دکشت کے قتل کے جرم میں گرفتار شدہ ۶؍ ملزمین پر معاملہ درج کیا ہے ۔ پولیس کی تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ متذکرہ ۶؍ ملزمین نےآپس میں مل کر ایک گروہ بنایا تھا جس کے لیے انھوں نے ۴؍ پستول ،۳۱؍ زندہ کارتوس ، ۳؍ چاپڑ اورایک چاقو خریدا تھا ۔ مذکورہ گروہ کا ماسٹر مائینڈ بنٹی عرف جئے سنگھ ٹھاکور تھا اور اس کے ساتھی ملزمین دُلال منڈل ، ہیرو عرف ہیرامن جگدیش گنگا واسی،کالی عرف پر مود بینی رام نو نیر ، رائے عرف راجیش کالی چرنکروتیا اور انجو عرف پر بھاکر منوج سنگھ ہفتہ وصولی کا کام کیا کر تے تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.