صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

عدالت کے حکم امتناع کے باوجود مسلمانوں کی املاک کو نشانہ بنانے کی کارروائی جاری

1,204

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) بیڑبائی پاس سروس روڈ میں حائل املاک ہٹانے کی کارروائی چوتھے دن بھی جاری رہی ۔ عدالتی حکم امتناع کے باوجود میونسپل کارپوریشن انتظامیہ انہدامی کارروائی کرتا رہا ۔ اس کارروائی کے دوران مدینہ کلیکشن سمیت ۳۵ قبضہ ہٹائے گئے ۔ املاک مالکان کا الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ یکطرفہ کارروائی کررہا ہے اور مسلمانوں کی املاک کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ علاقہ کے ساکنان نے بتایا کہ بی جے پی کارپوریٹر اپا صاحب ہیواڑے کی ملکیت ہیواڑے لانس بھی سروس روڈ میں حائل ہے لیکن میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کارپوریٹر کی اس ملکیت کے خلاف کارروائی کرنے میں ٹال مٹول کررہا ہے ۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور پولس محکمہ نے آئے دن ہونے والے حادثات کو دیکھتے ہوئے بیڑ بائی پاس راستے پر سے ٹریفک کو کم کرنے کے مقصد سے بیڑ بائی پاس روڈ کے دونوں کنارے سروس روڈ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس روڈ پر وہ عمارتیں جنہیں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے اور اس سے قبل گرام پنچایت نے تعمیری کام کی اجازت دے رکھی ہے آج ان املاک کو عدالتی اسٹے کے باوجود منہدم کیا جارہا ہے ۔ میونسپل انتظامیہ عدالتی احکامات کو ماننے کو تیار نہیں ہے ناراض املاک مالکان نے گذشتہ روز منعقدہ پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سروس روڈ تعمیر ہو لیکن املاک جو انہوں نے اپنے خون پسینے کی کمائی سے کھڑی کی ہے وہ قوانین وضوابط کے مطابق ایکوائر کی جانی چاہئے اور اس کا معاوضہ ادا کیا جانا چاہئے ۔ میونسپل کارپوریشن کی یکطرفہ کارروائی کے خلاف اور عدالتی احکامات کو نظر انداز کئے جانے کے معاملے میں علاقہ کے کچھ ساکنان توہین عدالت کا مقدمہ دائر کرنے عدالت پہنچ چکے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ چند روز میں عدالت اس معاملے پر سنوائی کرے گی ۔ دوسری جانب آج چوتھے دن بھی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے بلڈوزر املاک پر چلتے رہے اس کارروائی کے دوران مدینہ کلیکشن سمیت ۳۵ املاک ہٹائے گئے ۔

ساتھ ہی رینوکا ماتا مندر گیٹ بھی ہٹا دیا گیا ۔ املاک مالکان نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ کارروائی کے دوران کھلے عام تعصب برتا جارہا ہے ۔ مسلمانوں کے املاک کو بے دردی سے منہدم کیاجارہا ہے ۔ جبکہ بی جے پی سے تعلق رکھنے والوں یا اس پارٹی  کے منتخب نمائندوں کی املاک کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ املاک مالکان نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کارپوریٹر اپا ونایک ہیواڑے کی ہیواڑے لانس بھی سروس روڈ کی تعمیر میں حائل ہے لیکن میونسپل ملازمین ا سکے خلاف کارروائی کرنے سے کترارہے ہیں ۔آج کی یہ کارروائی کارگزار میونسپل کمشنر اوم پرکاش بکوریا اورپولس کمشنر چرنجیوی پرساد کی ہدایت پر غیر قانونی قبضہ جات ہٹائو دستے کے چیف اے بی دیشمکھ کی رہنمائی میں ایڈمنسٹریٹیو آفیسر پی ڈی پاٹھک سنجئے کامبلے رامن کامبلے بلڈنگ انسپکٹر آر ایس راچتور وی ایس کلکرنی سید جمشید جونیئر انجینئر جادھو اور ان کے عملے نے انجام دی اس موقع پر پولس کا سخت بندوبست رکھا گیا تھا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.