صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

وسطی ریلوے حدود کے جنگل میں درخت سے لٹکی ہوئی خاتون کی لاش ملی

1,281
علامتی تصویر

ممبئی:(ریحان یونس) سینٹرل ریلوے کے حدود میں بدھ کے روز جنگلات کے قریب ایک خاتون کی لاش درخت پر لٹکی ہوئی پائی گئی ۔ کولسے واڑی پولس اسٹیشن کے سینئر پولس افسر شاہو راو سالوے نے کہا کہ پولس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچی تو خاتون کی لاش درخت سے لٹک رہی تھی ۔ پولس کو لاش پر ایسا کوئی بھی ثبوت دستیاب نہیں ہوا جس کی مدد سے اس کی شناخت کی جاسکے ۔ پولس کے مطابق لاش کو دیکھنے کے بعد اندازہ لگایا گیا کہ یہ کسی 30 سے 40 سال عمر کی خاتون ہے اور لاش کی مسخ شدہ حالت دیکھ کر ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کم از کم دو دن پہلے اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ خاتون کے بدن پر کچھ زخم کے نشانات پائے گئے ہیں لیکن پولس کا کہنا ہے کہ فی الحال اس بات کا یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ نشانات قاتلوں کے حملہ سے آئے ہیں یا پھر جانوروں نے لاش کو نوچا ہے ۔ کولسے واڑی پولس اسٹیشن کے ایک افسر نے کہا کہ لاش کو پوسٹ نارٹم کے لئے بائیکلہ کے جے جے اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔ ایک پولس افسر نے کہا کہ فی الحال اسے قتل یا خودکشی کچھ بھی قرار نہیں دیا جاسکتا ۔

جائے واردات آبادی سے بالکل الگ ہے وہاں قریب میں بھی کوئی رہائشی علاقہ نہیں ہے ۔ جنگل ہونے کے سبب وہاں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نہیں تھا ۔ ایک افسر نے کہا کہ چاہے یہ ایک قتل ہو یا پھر خودکشی لیکن اس عمل کو انجام دینے کے لئے علاقہ کا انتخاب احتیاط سے کیا گیا تھا ۔ پولس کلیان علاقہ میں گزشتہ چند دنوں میں داخل کی گئی کسی خاتون کی گمشدگی کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے تفتیش کر رہی ہے ۔ تھانے کے دیگر پولس اسٹیشنوں سے بھی گمشدگی کی شکایت کو طلب کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پولس لاش سے متعلق تفصیلات کو واٹس ایپ پر بھی جاری کررہی ہے ۔ پولس افسر سالوے نے کہا کہ اس معاملہ میں حادثاتی موت کا اندراج کر لیا گیا ہے اور آٹوپسی رپورٹ آنے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائیگی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.