ڈومبیولی میں برآمد ہتھیاروں کے ذخیرہ پر فسادات کرانے کے لئے جمع کئے جانے کا شبہ
ریاست بھر میں بی جے پی کارکنان کے گھروں کی تلاشی لی جائے ۔ شکست کے یقین کے بعد بی جے پی کی جانب سے پولرائزیشن کی کوشش
ممبئی: آئندہ انتخابات میں شکست نظر آجانے کے بعد بی جے پی مذہبی منافرت پھیلانے اور فسادات کرانے کی سازش رچنے لگی ہے۔ ڈومبیولی میں برآمد ہتھیاروں کا ذخیرہ انتخابات کے پیشِ نظر فسادات برپا کرنے کے لئے جمع کئے جانے کا شک ہے۔ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے۔ یہ مطالبہ آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری وترجمان سچن ساونت نے کی ہے۔
میڈیا کے لئے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے لئے بی جے پی کچھ بھی کرنے اور کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہے۔ بی جے پی نے اخلاقیات کوطاق پررکھ دیا ہے۔ اقتدار اور پیسے کا ناجائز استعمال کرکے غیراخلاقی طریقے سے انتخابات جیتنے کی کوشش بی جے پی نے اس سے قبل مختلف ریاستوں میں کیا ہے ۔
ڈومبیولی میں بی جے پی کے نائب صدر دھنن جئے کلکرنی کے دوکان سے ضبط کئے گئے ہتھیاروں کے ذخیرے سے یہ شک پیدا ہوتا ہے کہ انتخابات جیتنے کے لئے بی جے پی فسادات برپاکرانا چاہتی ہے ۔ سچن ساونت نے کہا ہے کہ کچھ ماہ قبل ممبئی کے قریب نالاسوپارہ میں سناتن سنستھا اور شیو پرتسٹھان کے ایک کارکن کے گھر سے زندہ بموں کا ذخیرہ برآمد ہوا تھا ۔ پولیس نے اس معاملے تفتیش کرکے عدالت کو بتایا تھا کہ ہتھیاروں کے یہ ذخائر فسادات برپا کرنے کے لئے استعمال کئے جانے والے تھے ۔
ڈومبیولی ونالاسوپارہ میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کے ذخیرے برآمد ہوئے اور ان دونوں برآمدگیوں میں یکسانیت نظر آتی ہے ۔ اس لئے سناتن سنستھا ، شیوپرتسٹھان اور بی جے پی کے درمیان واقعتاً کیا تعلقات ہیں ؟ یہ عوام کے سامنے آنا چاہئے ، نیز اس ضمن میں سناتن سنستھا وشیوپرتسٹھان کے خلاف حکومت کی جانب سے کارروائی نہیں کی جارہی ہے ، جس سے ان تنظمیوں کے تعلق سے حکومت کا نرم گوشہ واضح ہوتا ہے ۔ سچن ساونت نے کہا کہ یہ صورت حال ملک وسماج کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔ سچن ساونت نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے نیز ریاست بھر کے بی جے پی کے کارکنان کے گھروں ودفاتر کی جانچ بھی کئے جانے کی ضرورت ہے ۔