صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پرکاش امبیڈکر ہمارے ساتھ آئیں تو خوشی ہوگی لیکن انہیں ایم آئی ایم کا ساتھ چھوڑنا ہوگا : اشوک چوہان

1,215

پونے : آئندہ پارلیمانی واسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی کی راشٹروادی ودیگر ہم خیال وسیکولر پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے ، ہمیں ایم آئی ایم و مہاراشٹرنونرمان سینا نہیں چاہئے ۔ ہماری اتحادی پارٹیاں بھی نہیں چاہتیں کہ یہ ہمارے ساتھ شامل ہوں ۔ پرکاش امبیڈکر اگر ہمارے ساتھ آئیں تو ہمیں خوشی ہوگی لیکن انہیں ایم آئی ایم کا ساتھ چھوڑنا ہوگا ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹرریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی ہیں ۔ واضح رہے کہ ریاستی کانگریس کی جانب سے ریاستی سطح پر جن سنگھرش یاترا کی مہم کے اختتام کے بعد اب ریاستی سطح پر جن سنگھرش اجلاس کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے تحت مرکزی وریاستی حکومتوں کے خلاف کانگریس پوری ریاست میں ۵۰ سے زائد اجلاس کررہی ہے ۔ اشوک چوہان پونے میں اسی جلسے کے سلسلے میں آئے تھے ۔ جلسے سے قبل انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کیا ۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ پونے کے پارلیمانی سیٹ کے بارے میں طرح طرح کی چہ میگوئیاں جاری ہیں، لیکن یہ سیٹ ہماری ہے اورہم ہی اس پر لڑیں گے ۔ منتخب ہونے کی اہلیت کے علاوہ  الیکشن کمیشن نے اخراجات کا جو پیمانہ مقرر کیا ہے وہ نہایت اہم ہے ۔ اس سیٹ گوکہ راشٹروادی کانگریس نے حق جتایا ہے ، اس کے باوجود ہم بھی یہ سیٹ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی امید ہے ۔ کسانوں کو ایک بار پھر احتجاج کرنے کی نوبت آرہی ہے ، یہ انتہائی افسوسناک ہے ۔ دو سال بعد بھی کسانوں کو قرض معافی کی رقم حکومت کی جانب سے کسانوں کے کھاتوں میں جمع نہیں ہوسکی ہے ۔ خشک سالی کا اعلان صرف کاغذات پر ہے ۔ طالب علموں کی فیس معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ، لیکن ابھی تک ان کی فیس معاف نہیں ہوسکی ہے ۔ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لئے چارہ چھاؤنیاں قائم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اس پر بھی عمل نہیں ہوسکا ہے ۔ غرض کہ حکومت نے جو بھی وعدے کئے تھے ، ان میں سے کسی پر بھی عمل نہیں کرسکی ہے ۔ وزیراعلیٰ صرف کرکٹ میں مگن ہیں ۔

اشوک چوہان نے پارلیمانی واسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے کی بات پارلیمنٹ میں کہہ چکے ہیں لیکن وزیراعلیٰ کا بیان اس سے مختلف ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ اور وزیراعظم میں کئی تال میل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے ناندیڑ سے انتخاب لڑنے کی بات کہاں سے شروع ہوئی ؟ یہ مجھے نہیں معلوم ۔ کانگریس پارٹی کے صدر مہاراشٹر کے کسی بھی پارلیمانی حلقے سے الیکشن میں کامیاب ہوسکتے ہیں ، لیکن وہ ناندیڑ سے انتخاب لڑیں گے ؟ اس بارے میں مجھے کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ شام ۷ بجے شہر کے بھوانی پیٹھ میں جن سنگھرش جلسۂ عام کا انعقاد ہوا جس میں اشوک چوہان نے ریاستی ومرکزی حکومتوں پر جم کرتنقید کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.