صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

وائس چانسلر نے وزیر اعلیٰ اترپردیش سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال کو لیول تھری اسپتال کا درجہ دینے کی درخواست کی

217,162

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ شری یوگی آدتیہ ناتھ سے یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال (جے این ایم سی ایچ) کو ایل-3 کووِڈ-19 اسپتال کا درجہ دینے کی درخواست کی ہے ۔

وزیر اعلیٰ کو ارسال کردہ ایک مکتوب میں پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال کووِڈ-19 کی وبا کے خلاف لڑائی میں قائدانہ رول نبھا رہا ہے اور یہاں کے ڈاکٹر، نرس اور پیرامیڈیکل عملے کے اراکین کووِڈ-19وارڈ میں رات دن محنت سے کام کررہے ہیں۔ کووِڈ وارڈ میں 80بیڈ اور دس وینٹیلیٹر ہیں اور آئیسولیشن وارڈ میں سنٹرل آکسیجن سپلائی کا بندوبست ہے ۔اس کے علاوہ اے ایم یو نے کووِڈ 19مریضوں کی جانچ کے لئے ایک آر ٹی-پی سی آر مشین بھی خریدی ہے جس کی قیمت 30لاکھ روپے ہے اور 70لاکھ روپے کی قیمت کے چار نئے وینٹیلیٹر کی خرید کے آرڈر بھی دیے جا چکے ہیں۔

وائس چانسلر نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ یونیورسٹی نے ایک ڈائلیسس مشین بھی منگائی ہے جس سے کووِڈ-19 کے مریضوں کو الگ سے ڈائلیسس کی سہولت حاصل ہوجائے گی ۔ انھوں نے کہاکہ جے این ایم سی ایچ میں کووِڈ-19کے لئے ایک علاحدہ آپریشن تھیئٹراور ایک لیبر روم موجود ہے اور مریضوں کے علاج، دیکھ بھال اور آلات کا انتظام کا سارا خرچ یونیورسٹی نے اپنے وسائل سے برداشت کیا ہے ۔

پروفیسر منصور نے کہا کہ جے این ایم سی ایچ، کووِڈ-19 لیول-3 اسپتال کے لئے مطلوبہ سبھی شرائط کو پورا کرتا ہے اور اسے لیول-3، اسپتال ڈیکلیئر کئے جانے سے علی گڑھ خطے کے مریضوں کو بہت فائدہ پہنچے گا، کیونکہ اس علاقہ میں کوئی لیول تھری اسپتال نہیں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.