صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مالیگائوں میں تجاوزات کے خلاف انوکھا مظاہرہ

مہا سبھا میٹنگ کے دوران عوامی پارٹی کے اراکین کی نعرے بازی سے ہنگامہ 

1,228

مالیگائوں : (نامہ نگار)پاور لوم مزدوروں کے شہر مالیگاوں میں عوامی مسائل کا انبار لگا ہوا ہے ۔ سماجی تنظیمیں ارباب اقتدار کو میمورنڈم دے دے کر بیزار ہیں ۔ روزانہ چار سے پانچ شکایتی مکتوب پیش کیا جاتا ہے مگر اس پر عمل تو دور اس کا جواب تک نہیں دیا جاتا ۔ کارپوریشن میں جنگل راج ہے یہی وجہ ہے کہ  کل شام 5 بجے مالیگاوں کارپوریشن کی جنرل بورڈ میٹنگ ہال کے باہر زبردست نعرے بازی سے کچھ دیر کے لئے افراتفری مچ گئی ۔ اطلاعات کے مطابق کل طے شدہ ایجنڈے کے مطابق جنرل بورڈ میٹنگ جاری تھی کہ اچانک بدعنوانی مکت سنگھٹنا کے رضوان بیٹری والا اپنے دو  ساتھی  کے ساتھ پبلک گیلری میں تشریف لائے ۔

جاری جنرل بورڈ میٹنگ کی کاروائی سماعت  کرتے کرتے اچانک پبلک گیلری سے مالیگاوں عوامی پارٹی کے اراکین نے  کمشنر صاحب تجاوزات ہٹاو،اسکولی بچوں کی جان بچاو زبردست نعرے بازی شروع کردی ۔جنرل بورڈ ہال کے باہر اور زینوں پر بد عنوانی مکت سنگھٹنا کے اراکین اور عام عوام نے شہری انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کارپوریشن سے باہر نکل گئے ۔ کارپوریشن کے گیٹ پر ہمی مالیگائونکر اور سروجنک سیودھا سمیتی کے زیر اہتمام سینکڑوں مرد و خواتین اپنے معصوم بچوں کے ساتھ دھرنا دے کر بیٹھے ہوئے تھے ۔

اس دھرنے کی تائید و حمایت دیتے ہوئے رضوان بیٹری والا نے اپنی پر جوش تقریر میں کہا کہ شہر میں اب اور کتنا سیاہ دن منایا جائے گا ۔10 جنوری کو اردو مراٹھی اسکولوں کے ہزاروں طلباء و طالبات تجاوزات کے خلاف سڑک پر آ گئے مگر ارباب اقتدار کو ان معصوم بچوں پر رحم نہیں آیا ۔ اس سے قبل 26 دسمبر کو مالیگاوں عوامی پارٹی نے تجاوزات کی صفائی کے لئے کارپوریشن کو لیٹر دیا تھا ۔ اس کے بعد 10 جنوری اور 16 جنوری کو بھی شہر سے تجاوزات کی صفائی کے لئے بارہا شکایتی مکتوب پیش کیا گیا مگر کارپوریشن کے کانوں پر جوں تک رینگنے کو تیار نہیں ہے ۔

شہری انتظامیہ ہمارے مطالبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر آمادہ ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہم جنرل بورڈ میٹنگ ہال تک پہچنے پر مجبور ہوئے ۔ رضوان بیٹری والا نے اپنی مخاطبت میں مزید کہا کہ اگر دو روز کے اندر کارپوریشن نے تجاوزات مخالف مہم کا جنگی پیمانے پر آغاز نہیں کیا تو مالیگاوں عوامی پارٹی سخت تحریک شروع کرے گی ۔ اس موقع پر ہندو مسلم اتحاد کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے عوام نے دوران تقریر کہا کہ مالیگاوں کارپوریشن عوام کو سہولیات دینے میں بری طرح ناکام ہے ۔ پورے شہر میں خونخوار کتوں کا بول بالا ہے ۔ تجاوزات کے سبب اسکولی بچوں اور خواتین کا گھر سے باہر نکلنا محال ہے ۔

ارباب اقتدار صرف آمدنی کی فکر کرتے ہیں ۔انھیں عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں ۔ سمیتی کے چیرمین نکھل پوار نے کہا کہ مالیگاوں کے کمشنر کسی بھی میمورنڈم کا جواب نہیں دیتے ۔ شہر بھر عوامی مسائل کا انبار لگا ہوا ہے ۔ بار بار شکایتی مکتوب پیش کرنے کے باوجود کارپوریشن عوام کے مسائل حل نہیں کرتی اس لئے ہمیں ایسی نااہل کارپوریشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس احتجاجی مظاہرے کے دوران کارپوریشن کا کوئی بھی آفیسر میمورنڈم قبول کرنے نہیں آیا ۔ بحالت مجبوری مظاہرین نے اپنا مطالباتی مکتوب کارپوریشن کی دیوار پر چسپاں کردیا ۔ اس موقع  عوامی پارٹی کے حمزہ رضا ،عبداللہ عرفات کے علاوہ سروجنک سیودھا سمیتی کے رام داس بھورسے ، شرد پاٹل ، راکیش بھامرے ، گوپاڑ سونونے ، پون پاٹل ، جگدیش پاٹل اور راکیش  کے علاوہ کثیر تعداد میں مرد و خواتین اور بچے موجود تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.