صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

’’اُردومیڈیم کی طالبات کیلئےیونیفارم شلوار قمیص اورطلباء کیلئے فل شرٹ پینٹ ہو‘‘

88,623

تعلیمی تنظیموں کی جانب سے مطالبہ ۔ پہلی تا چوتھی جماعت کی لڑکیوں کیلئے فراک اور لڑکوں کیلئے ہاف شرٹ اورپینٹ پراعتراض کیا

Students of Municipal Corporation School. (File Photo)

ریاستی  محکمہ تعلیم نے گزشتہ سال  ۱۸؍ اکتوبر کو ایک سرکیولر جاری کرکے سمرگ شکشاابھیان اور ریاستی حکومت کےمفت یونیفارم اسکیم کے تحت سرکاری ،نیم سرکاری اور نجی اسکولوں میں زیر تعلیم اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے’ایک ریاست ایک یونیفارم ‘اسکیم متعارف کرانےکا اعلان کیاتھا جس کےتحت تمام طلبہ کو ایک رنگ کے ۲؍یونیفارم دینے کا فیصلہ کیاگیاتھا لیکن ۲۴؍ جنوری ۲۰۲۴ءکو اس فیصلہ میں ترمیم کرتےہوئے متعلقہ محکمہ کےمعاون سیکریٹری امتیاز قاضی نے ایک نیافرمان جاری کیاہے  جس کے تحت پہلی سے چوتھی جماعت کی طالبات کیلئے فراک، ۵؍ تا ۷؍ویں جماعت کی طالبات کیلئے شرٹ اور اسکرٹ اور۸؍ویں جماعت کی طالبات کیلئے شلوارقمیص اور اوڑھنی ۔ اسی طرح پہلی تا ساتویں کے طلباء کیلئے ہاف پینٹ اورشرٹ ، آٹھویں  جماعت کے طلباءکیلئے فل پینٹ اور ہاف شرٹ منظور کیاگیا ہے جس پر اُردومیڈیم کی تعلیمی تنظیموںنے اعتراض کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اُردومیڈیم کے طلبہ صرف فراک ، شرٹ ،اسکرٹ یا ہاف شرٹ پینٹ نہیں پہن سکتےہیں۔ اُردومیڈیم اسکول کی طالبات کیلئے شلوار قمیص اور لڑکوں کیلئے  فل پینٹ اور شرٹ یونیفارم کے طورپر دیاجائے۔

اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجد نثارنے انقلا ب کوبتایاکہ ’’ ۱۸؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو ’ایک ریاست ایک یونیفارم‘ سے متعلق جو سرکیولر جاری کیاگیاتھا، اس میں مذکورہ   جماعتوں کےطلبہ کیلئے علاحدہ قسم کے یونیفارم ہونےکی وضاحت نہیں کی گئی تھی لیکن ۲۴؍جنوری کو جو سرکیولرجاری کیاگیاہے ، اس میں پہلی تا ساتویں جماعت کی لڑکیوں کیلئے صرف فراک، شرٹ اور اسکرٹ اور لڑکوں کیلئے ہاف پینٹ اور شرٹ دینے کا تذکرہ کیا گیا ہے جو اُردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ کیلئے مناسب نہیں ہے ۔اسی لئے اس سرکیولر کے جاری ہوتے ہی ہم نے وزیر تعلیم دیپک کیسرکر ، ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے اور ایجوکیشن ڈائریکٹر کی توجہ اس جانب مبذول کرائی   ۔ اسکولی طلبہ کو مفت یونیفارم، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے ذریعے فراہم کیاجاتاہے۔ اردو میڈیم کے طلباء وطالبات کو ہمیشہ فل یونیفارم تقسیم کیاگیاہے۔ اس لئے اردو میڈیم کی طالبات کو مکمل فراک اور شلوار ، اسی طرح طلباء کو فل شرٹ اور پینٹ فراہم کیا جائے۔ یہ ہمارامطالبہ ہے۔‘‘ 

Leave A Reply

Your email address will not be published.