صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ریاست میں امن و امان کی برقراری کے لئے محکمہ پولس الرٹ

ابتک 213 سائبر  ملزمین  گرفتار اور سوشل میڈیا سے 102 قابل اعتراض پوسٹس ہٹائی گئیں

285,821

ممبئی : کورونا پر قابو پانے کے لئے ملک میں چوتھے مرحلے کے لئے لاک ڈائون لگایا گیا ہے ۔لاک ڈائون پر پوری طرح سے عمل آوری کے لئے ریاستی سرکار نے مرکز سے اضافی فورس طلب کی تھی ۔ جسے مرکزی حکومت نے منظور کرتے ہوئے ایک روز قبل ۸؍ کمپنیاں مہاراشٹر میں بھیجی ہیں ۔ آج ممبئی شہرمیں رپیڈ ایکشن فورس کی کئی کمپنیوں کومختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے ۔

مرکز کی جانب سے بھیجی گئی فورس  کی ایک کمپنی میں ایک ڈپٹی کمانڈر ،۲؍ اسسٹنٹ کمشنر ،۳؍ پولیس انسپکٹر ،۴ سب انسپکٹر ،۱۰ ؍ خاتون پولیس اور باقی جوان شامل ہوتے ہیں  اس طرح ٹوٹل ایک کمپنی میں ۱۲۵؍ اہلکار جدید ترین ہتھیار سے لیس ہوتےہیں ۔ چہرے کی ساخت کی مناسبت سے اسپیشل ماسک ،نئی لاٹھیاں ، نیلی وردی میں ملبوس جوانوں نے آج ممبئی کے بھنڈی بازار، نل بازار، ڈونگری، جے جے مارگ، مدنپورہ، کرلا ،ناگپاڑہ، دو ٹانکی، بائیکلہ، دادر، ماہم، ماٹونگا، ورلی، دھاراوی، لمنٹن روڈ، گرانڈ روڈ، چرنی روڈ،گوونڈی شیواجی نگر، قلابہ سمیت ممبئی کی اہم شاہراہوں پر گشت کیا ۔

مہاراشٹر کے وزیر داخلہ نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریاست کے محکمہ سائبر شعبہ اور اعلی پولس عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی برقراری کے لئے محکمہ پولس کو چوکنا رہنا ہوگا ۔ کورونا وائرس کے تعلق سے سوشل میڈیا پر ایک طبقہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جسے روکنا بہت ضروری ہے ۔ سوشل میڈیا پر کورونا کے تعلق سے افواہوں اور غلط فہمیوں کو روکنے کے لئے مہاراشٹر کا محکمہ سائبر نے ریاستی عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص کے ذریعے سماج میں افواہ یا غلط بیان سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا گیا تو ایسے افراد کے خلاف سی آر پی سی کی دفعہ۱۴۹؍کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے انکے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔

محکمہ کے ایک عہدیدار نے  معلومات دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ سائبر نے کوووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران ریاست بھر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں  میں ۴۰۰ ؍ سے زائد مقدمات کا اندراج کیا جا چکا ہے ۔ گذشتہ پیر کے روز ریاست کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کے ساتھ ہوئی پولیس کے اعلیٰ افسران کی میٹنگ میں وزیر داخلہ نے ایسے تمام افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اسی کے ساتھ انہوں نے  سی آر پی سی کی دفعہ 149 کے تحت سائبر  ملزمین  کو نوٹس دینے کی  ہدایت دی ہے ساتھ ان پر انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے تحت ان پر مقدمہ کے اندراج کی ہدایت بھی کی ہے ۔ واضح رہے کہ سی آر پی سی کا سیکشن 149 پولیس کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ قابل اعتنا جرم کو روکنے کے لئے اقدامات کرے ۔

ایک خبر کے مطابق اب تک  سائبر پولیس نے ۴؍ سو وارداتوں میں سے ۱۷۰ ؍ قابل اعتراض پیغامات ، تصاویر ،  اور ویڈیوز بھیجنے کے لئےان پر مقدموں کا اندراج کیا ہے ۔ جبکہ بقیہ ۱۵۸؍ افراد پر قابل اعتراض پوسٹس لگانے کے لئے  مقدمہ کا اندرج کیا گیا ۔ ان میں سے متعدد پوسٹس اور فارورڈ کورونا وائرس سے متعلق تھے اور اس کے پھیلاؤ کو ایک خاص برادری سے منسوب کرتے ہیں۔ ایک عہدیدار کے مطابق ، ٹک ٹاک ویڈیوز پر 18 کے قریب مقدمات درج کیے گئے ، ٹویٹر پر قابل اعتراض ٹویٹس پر سات مقدمات ، انسٹاگرام پوسٹوں کے لئے چار اور آڈیو کلپس کو شیئر کرنے اور یوٹیوب استعمال کرنے پر 43  ملزمین کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ابھی تک کم از کم 213 سائبر  ملزمین  کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب تک سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے 102 قابل اعتراض پوسٹیں ہٹا دی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.