صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بیڑ بائی پاس پر پیش آئے حادثہ میں ایک نوجوان کی موت ۳ شدید زخمی

مرحوم دوست کی آخری رسومات سے لوٹ رہے چار دوستوں کو کنٹینر نے کچل ڈالا

1,237

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) اپنے مرحوم دوست کی آخری رسومات ادا کرکے لوٹتے وقت ضروریات سے فارغ ہونے کے لئے رکے ہوئے چار نوجوانوں کو ایک تیز رفتار کنٹینر نے کچل دیا اس حادثہ میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی جبکہ تین نوجوان شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ حادثہ بیڑ بائے پاس پر واقع پٹیل لانس سے قریب گزشتہ رات پیش آیا پولس ذرائع کے مطابق جونا بازار کے ساکن سہیل حمزہ وسیم اور عامر نامی چار نوجوان اپنے ایک مرحوم دوست کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے بیڑ بائے پاس علاقہ میں آئے تھے اور آخری رسومات ادا کرنے کے بعد گھر لوٹتے وقت ضرورت سے فارغ ہونے کے لئے بیڑ بائے پاس روڈ پر واقع پٹیل لانس سے قریب منہاج ہوٹل کے سامنے ٹھہرے تھے کہ بیڑ سے آرہے ایک تیزرفتار کنیٹنر نے ان چاروں نوجوانوں کو کچل دیا حادثہ کا احساس ہوتے ہی ڈرائیور کنٹینر لے کر فرار ہوگیا ۔

علاقہ کے ساکنان نے ان چاروں زخمیوں کو علاج کی غرض سے گھاٹی دواخانہ پہنچایا ۔ لیکن طبی جانچ کے بعد ڈاکٹرس نے سہیل کی موت کی تصدیق کردی ۔ جبکہ تینوں زخمی نوجوانوں کا گھاٹی دواخانے میں علاج جاری ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ حمزہ کی حالت نازک ہے اور اسے آئی سی یو میں رکھا گیا ہے ۔ یہ معاملہ ستارا پولس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے پولس مفرور کنٹینر ڈرائیور کو تلاش کررہی ہے ۔ بیڑ بائے پاس روڈ حادثات کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ یہاں سڑک حادثات میں اضافہ ہونے سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ اس سنگین مسئلہ پر قابو پانے کی غرض سے سابق پولس کمشنر امتیش کمار نے صبح اور شام کو اس راستے پر ہیوی وہیکلس کے داخلے پر پابندی لگادی تھی ۔

جبکہ موجودہ کمشنر یشسوی یادو نے اس روڈ پر گاڑیوں کے لئے اسپیڈ لِمِٹ مقرر کرتے ہوئے وھیکلس کی رفتار کی جانچ کے لئے اسپیڈ ریڈرس اس راستے پر نصب کئے گئے ہیں ۔ ڈی سی پی ڈاکٹر دیپالی دھاٹے گھاٹگے پاٹل نے بھی علاقہ کے ساکنان کی ایک میٹنگ طلب کرکے حادثات کی روک تھام کے لئے مزید کیا اقدامات کئے جانے چاہئے  تجویز مانگی تھی جس کے بعد حادثات میں کمی آئی تھی ، مگر ایکبار پھر یہ راستہ حادثا ت کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ گذشتہ ماہ بھی ایک تیز رفتار ٹرک نے بیڈ اسکواڈ کو ٹکر دے ماری تھی ۔ اس حادثہ میں بھی ایک شخص کی موت واقع ہوگئی تھی ۔ اس سڑک پر بڑھتے حادثات کے سبب شہریان میں بے چینی پائی جارہی ہے اور وہ پولس انتظامیہ سے توجہ کا مطالبہ کررہے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.