صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کوئی سیاسی جماعت بنائیں گے نہ ہی کسی پارٹی میں جائیں گے ، لوک سبھا کا چنائو آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑیں گے : عبدالستار کا اعلان

1,365

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) ایم ایل اے عبدالستار کے مطابق نہ تو وہ کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونگے اور نہ ہی کوئی نئی سیاست جماعت قائم کرینگے بلکہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لینگے۔ یہ اعلان انھوں نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا ۔ واضح رہے کہ اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ سے سبھاق جھامبڑ کو امیدواری دیئے جانے کے بعد اچانک ہی ایم ایل اے عبدالستار نے بغاوت کا پرچم بلند کیا اور آناً فاناً کانگریس پارٹی کو خیر باد کہہ کر آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان دو روز قبل کیا تھا ۔ اس کے بعد انھوں نے ہفتہ کی رات تقریباً دو بجے کے قریب ممبئی میں ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کی تھی ۔ اس وقت ان کے ساتھ گریش مہاجن بھی موجود تھے ۔ ان کی اس ملاقات کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔

ا سکے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا لہذا ایم ایل اے عبدالستار نے شہر میں ایک پریس کانفرنس طلب کی اور ریاستی وزیراعلیٰ سے ملاقات  کے بعد ہورہی قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کے لئے یہ صاف کردیا ہے کہ نہ تو وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں اور نہ ہی کسی اور سیاسی جماعت سے جڑرہے ہیں بلکہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے اورنگ آباد پارلیمانی حلقہ سے اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ صحافیوں کے سوال پر انھوں نے یہ وضاحت کی کہ گزشتہ روز کانگریس ہائی کمان سے فون پر ان کی ۱۸؍ منٹ تک بات ہوئی او رپارٹی کے اعلیٰ قائدین نے انھیں یہ آفر دیا کہ وہ اورنگ آباد یا جالنہ جس پارلیمانی حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہیں لڑسکتے ہیں ۔ لیکن اس آفر کو فی الحال عبدالستار نے مسترد کردیا ہے ۔ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے چناوی میدان میں اُترنے کوتیارہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.