صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

میونسپل کارپوریشن اکائونٹ ڈپارٹمنٹ میں بلوں کی ادائیگی میں بدعنوانی

جانچ کرکے خاطیوں کو سزا دینے کیلئے اینٹی کرپشن بیورو کو اپوزیشن لیڈر ضمیر احمد قادری کا مکتوب

557

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) آئے دن میونسپل کارپوریشن میں نت نئے گھوٹالے کا انکشاف اب عام ہوچکا ہے اس پر لگام لگانے کے لئے برسرکارشیوسینا بی جے پی اتحادی ہو یا انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے ۔ میونسپل کارپوریشن کے اکائونٹ ڈپارٹمنٹ میں ٹھیکیداروں کے بل ادا کرنے کے معاملہ میں یوں تو کئی دنوں سے دھاندلی جاری ہے ۔ کنٹریکٹروں کو چہرہ اور ان کی حیثیت دیکھ کر بل ادا کرنے کی شکایتیں عام ہوچکی ہیں ۔ ٹھیکیداروں کو بل ادا کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن نے ایک ضابطہ ترتیب دیا ہے جس کی خلاف ورزی انتظامیہ میں بیٹھے افسران کھلے عام کررہے ہیں ۔ ایسے ہی ایک معاملہ میں میونسپل کارپوریشن کے اپوزیشن لیڈر ضمیر احمد قادری نے اورنگ آباد اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ کو ایک خط لکھ کر ٹھیکیداروں کے بل ادا کرنے کے معاملوں میں ہوئی دھاندلی اور بدعنوانی کی جانچ کرنے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر ضمیر احمد قادری نے آج سپرنٹنڈنٹ اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ اورنگ آباد کو خط لکھا جس کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی کاموں کے نئے اور مرمت کے کام کنٹریکٹروں سے کروائے جاتے ہیں چھوٹے بڑے ٹھیکیدار اپنی حیثیت کے مطابق یہ کام کرتے ہیں میونسپل کارپوریشن کے اکائونٹ ڈپارٹمنٹ ان ٹھیکیداروں کے ذریعہ کئے گئے کاموں کا بل ادا کرتا ہے ۔ یہاں بل تیار ہونے کے بعد سی سی اکائونٹ ڈپارٹمنٹ کو بھیجی جاتی ہے جس کے بعد یومیہ موصول ہونے والی سی سی کی سینئریٹی لسٹ تیار کی جاتی ہے اور تجوری کی صحت دیکھتے ہوئے سینئریٹی کے مطابق ٹھیکیداروں کو بل ادا کئے جاتے ہیں تو انھوں نے بتایا کہ یہ ضـابطہ میونسپل کمشنر اور برسرکار جماعت کے ذمہ داروں نے مل کر طئے کیا ہے تاکہ کسی چھوٹے بڑے ٹھیکیدار کے ساتھ نا انصافی نہ ہولیکن گذشتہ کئی ماہ کے دوران میونسپل اکائونٹ ڈپارٹمنٹ نے سینئیر ٹی لسٹ کو بالائے طاق رکھ کر چہرہ اور ٹھیکیدار کے رسوخ دیکھ کر بل ادا کئے ہیں ۔

ایسے معاملات میں سینئریٹی کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے ۔ جس کے باعث بے شمار ٹھیکیداروں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔ مہینوں کے اس سلسلہ کے جاری رہنے کے سبب بڑی تعداد میں گتہ داروں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور ان کا سرمایہ پھنسا ہوا ہے۔ یہ گتہ دار اپنے بل حاصل کرنے کے لئے کارپوریشن کے چکر کاٹ رہے ہیں حال ہی میں اپنے بلوں کی حصولیابی کے لئے ٹھیکیداروں نے ہڑتال کی  خود سوزی کا انتباہ دیا اور دو دن قبل جنرل باڈی میٹنگ کے وقت میونسپل کمشنر کا گھیرائو کیا لیکن اس کا نتیجہ صفر رہا ۔ انتظامیہ کا بے ڈھنگا پن اور سینئریٹی لسٹ کی خلاف ورزی بدستور جاری ہے ۔ ضمیر احمد قادری کے مطابق ۱۹؍اکتوبراور ۲۳؍ اکتوبر اور ۱۴؍ فروری ۲۰۱۹ ان تین دنوں میں میونسپل کارپوریشن اکائونٹ ڈپارٹمنٹ نے ٹھیکیداروں کو بڑے پیمانے پر بل ادا کئے لیکن بلوں کی ادائیگی میں اصول وضوابط کو بالائے طاق رکھا گیا ہے ۔

ہمارے نمائندہ جمیل شیخ کو انھوں نے بتایا کہ تیار کردہ بل کی سینئریٹی لسٹ تیار ہوتی ہے اس کے بعد ہیڈ وائز لسٹ تیار ہوتی ہے اس کے بعد زون وائز لسٹ تیار ہوتی ہے اور اخیر میں انتہائی اہم اور ضروری کاموں کے بل ادا کئے جاتے ہیں ۔ لیکن انتظامیہ اور برسرکار جماعت کے تیا رکردہ ان اصولوں کو اکائونٹ شعبہ نے نظر انداز کیا ہے ۔ مکتوب کے حوالے سے ضمیر احمد قادری نے مزید بتایا کہ سینئریٹی لسٹ کو نظر انداز کرکے بل ادا کئے جانے کے معاملات نہ صرف مشکوک ہیں بلکہ ان معاملات میں بڑْے پیمانے پر بدعنونانی اور بے ضابطگی کی گئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا ان معاملات کو اکائونٹ شعبہ کے کلرک چیف کائونٹ آفیسر اور ایڈیشنل کمشنر شامل ہیں ۔ ضمیر احمد قادری نے بتایا کہ ا س پورے معاملے پر سپرنٹنڈٹ اینٹی کرپشن کو آج مکتوب روانہ کیاگیا ہے ۔ مطالبہ کیاگیا کہ ان تمام معاملات کی باریک بینی سے جانچ کی جائے اورخاطی افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ میونسپل کاورپشن کے بدعنوان افسران کوسبق مل سکے اور مستقبل میں اس طرح کے معاملات پر روک لگ سکے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.