صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

کانگریس کے تمام کارکنان آپسی اختلافات کو بھلا کر پارٹی کو مستحکم بنانے کے لئے کام کریں : بی ایم سندیپ

1,219

بھیونڈی : (عارِف اگاسکر) گذشتہ روزبھیونڈی تعلقہ کے امباڑی گاؤں سے واپس لوٹتے ہوئےآل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور کوکن ڈویژن کے انچارج بی ایم سندیپ بھیونڈی میں مہاراشٹر ریاستی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری محمد طارق فاروقی کے دولت کدہ پر تشریف لائے ۔ جہاں پر موجود پارٹی کارکنان سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام کارکنان آپسی اختلافات کو بھلا کر پارٹی کو مستحکم بنانے کے لئے کام کریں ۔ لوک سبھا الیکشن کی آمد آمد ہےاور اس موقع پر متحد ہونے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کی اشد ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے پورے ملک کی حالت بد سے بد تر کر دی ہے ۔ بے کاری اور بے روزگاری میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے اور بڑی تعداد میں کسان خود کشی کر رہے ہیں ۔ ملک کے نوجوانوں میں بےچینی پھیلی ہوئی ہے اورگذشتہ پانچ سال سے وہ اچھے دنوں کے منتظر ہیں اور مودی حکومت سےسوال پوچھ رہے ہیں ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان کو یقین دلایا کہ کانگریس کے بر سراقتدارآنے پر ہی  اچھے دنوں کی شروعات ہوگی ۔ نوجوانوں کو روزگار ملے گا ، کاروبار میں رونق آئے گی اور کسانوں کو راحت ملے گی ۔

اس موقع پر شری بی ایم سندیپ کےہمراہ محمد طارق فاروقی ، کانگریس کے سابق رکن پارلیمان سریش ٹاورے ، مقامی صدر شعیب گڈو ، آل انڈیا قومی تنظیم کے مقامی صدر پرویز خان (پی کے) کے ایم سہیل خان ، ذکی محبوب انصاری ، یوتھ کانگریس کے صدر عرفات خان ، اقبال صدیقی ، طفیل فاروقی ، عرشی اعظمی اور معاذ فاروقی سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان مو جود تھے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.