اورنگ آباد کے گھاٹی اسپتال میں اب بھی دواؤں کی قلت ‘غریب مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا
اورنگ آباد : (نامہ نگار) گھاٹی اسپتال کے اوپی ڈی میں دواؤں کی قلت اب بھی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو پریشانی کاسامنا ہے اور وہ خانگی میڈیکل اسٹورس سے مہنگے داموں پر دوائیں خریدنے پر مجبور ہیں ۔ لیکن اسپتال انتظامیہ ہے جو طبی انتظامات درست نہیں کرتا اور ضرورتمندمریضوں کو راحت نہیں دیتا۔ گھاٹی اسپتال چونکہ حکومت کے فنڈ سے چلنے والا مرہٹواڑہ کا ایک بڑا اسپتال ہے اس لئے یہاں مریض بھی بڑی تعداد میں آتے ہیں ۔ لیکن اسپتال کے اوپی ڈی میں گزشتہ دو سالوں سے دواؤں کی قلت کے سبب مریض اور ان کے غریب رشتہ دار پریشان ہیں ۔ نہایت حیرت کی بات ہے کہ گھاٹی اسپتال کے اوپی ڈی میں مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لئے ۲۸۴ اقسام کی دوائیں درکار ہیں لیکن اوپی ڈی میں ان میں سے چند ہی دوائیں ملتی ہیں ۔حال ہی میں اراکین اسمبلی کی موجودگی میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ضلع کلکٹر نے ڈسٹرکٹ سول ہاسپٹل اور میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی تھی کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل انتظامیہ سے تعاون کریں اس کے بعد سول ہاسپٹل انتظامیہ نے گھاٹی اسپتال انتظامیہ کو ۱۴ اقسام کی دواؤں کے ساتھ ساتھ۷ وینٹیلیٹر بھی مہیا کئے تھے لیکن اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن نے اپنی نجی پالیسی کے سبب گھاٹی اسپتال انتظامیہ کی طرف مدد کے لئے ہاتھ نہیں بڑھائے اور نہ ہی مریضوں کے لئے دوائیں دیں۔ دوسری طرف ہافکن کمپنی بھی انتظامیہ کو میڈیسن نہیں دے رہی ہیں ۔ جس کی وجہ سے غریب مریض سخت پریشانی میں ہیں ۔ ان کی پریشانیاں اسپتال انتظامیہ اور حکومت کے مختلف محکموں کو دکھائی نہیں دیتیں ۔