صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

میڈیکل ٹیموں اور سامان کو کشمیری عوام تک پہنچنے کی اجازت دی جائے، پاکستانی دفتر خارجہ

214,884

اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے اپنی ہفتہ وار سرکاری پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں لوگ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ جموں و کشمیر میں مواصلات کی مسلسل بندش پر پاکستان کو سخت تشویش ہے جس کی وجہ سے عوام اہم معلومات کے حصول کے بنیادی حق سے محروم ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی بلیک آوٹ کو ختم کرے اور میڈیکل ٹیموں اور سامان کو کشمیری عوام تک پہنچنے کی اجازت دیں۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو غیرقانونی طور پر تبدیل کرنے کے مقصد سے تازہ ترین ہندوستانی اقدام کی شدید مذمت کی ۔ دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ نام نہاد “جموں و کشمیر تنظیم نو آرڈر 2020” ہندوستان کی طرف سے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کرکے کشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کا ایک اور غیر قانونی اقدام ہے ۔ یہ بین الاقوامی قانون ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں ، ہندوستان اور پاکستان کے مابین دوطرفہ معاہدوں اور انسان دوستی کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے ۔

عالمی سطح پر وبائی بحران کے دوران ہندوستانی کی تازہ ترین کارروائی خاص طور پر قابل مذمت ہے ۔ وہ اس سنگین صورتحال میں بھی بی جے پی کے مذموم ، “ہندوتوا” ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے ۔ دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے جموں و کشمیرمیں ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کرتا رہے گا ، اور کشمیر کے بنیادی حق کی حمایت کرتا رہے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.