گھاٹی اسپتال میں طبی انتظامات بد سے بدتر
پرنرسیس کی جانب سے مختلف مطالبات پر ۳؍ دسمبر کو کام بند رکھنے کا انتباہ
اورنگ آباد : (جمیل شیخ) گھاٹی اسپتال میں طبی انتظامات پہلے ہی بگڑ چکے ہیں اوراب اسپتال کی نرسوں نے بھی انتظامیہ کو محتلف مطالبات پر مشتمل احتجاجاً ۳؍دسمبر کو کام بند رکھنے کا انتباہ دیا ہے ۔ گھاٹی دواخانے میں روزانہ تقریباً ڈیڑھ تا دو ہزار مریض داخل کئے جاتے ہیں اور سو سے زائد مریضوں کے ہر روز آپریشن کئے جاتے ہیں مگر پچھلے ایک سال سے اس دواخانے میں سلائن کے علاوہ دیگر ادویات کی قلت کے سبب مریضوں کے آپریشن نہیں کئے جارہے ہیں ۔ سٹی اسکین اورایم آر آئی مشینیں بند ہونے کی وجہ سے بھی آپریشن کرنا ڈاکٹرو ں کے لئے مشکل ہوچکا ہے ۔ جو آپریشن انتہائی ضروری ہیں اس میں رشتہ داروں سے ضروری ادویا ت بازار سے منگوائی جارہی ہے ذرائع کے مطابق سگ گزیردگی کے تقریباً ۲۵ مریض ہر روز اس دواخانے میں علاج کے لئے آتے ہیں جن کے علاج کے لئے درکار اینٹی ریبیز انجکش بھی نہ ہونے سے مریض کو پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ اسی طرح دواخانے میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ نرسیس کے مطالبات التواء میں ہیں جن کی یکسوئی کے لئے نرسیس کی تنظیم نے انتظامیہ کو انتباہ دیا کہ ان کے مطالبات توجہ دلانے کے مقصد سے ۳؍دسمبر کو وہ کام بند رکھیں گے ۔