صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

بھیونڈی میں کے ایم ای ایس عوامی ای لائبریری اور حالات ادبی اسٹیج کی جانب سے ڈرامہ ’دھرم یدھ‘

معروف ڈرامہ اور اسٹیج اداکار اصغر مومن کو فخر اسٹیج اور ہفت روزہ حالات کے مدیر ایم ابوبکر کو فخر صحافت ایوارڈ

1,490

بھیونڈی : (عارف اگاسکر) پاورلوم نگری بھیونڈی میں گذشتہ دنوں یہاں کے قدیم تعلیمی ادارے کے ایم ای ایس کیمپس میں واقع غلام محمد مومن ویمینز کالج کے وسیع ہال میں کے ایم ای ایس ای لائبریری اور حالات ادبی اسٹیج کی جانب سے ڈرامہ ’دھرم یدھ‘ کا شاندار انعقاد عمل میں آیا ۔ معصوم بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی ، ملک میں قانون کی بالادستی کو چلینج کرتے سیاست داں ، لاچار پولس انتظامیہ اور حساس ذہن ودل رکھنے والوں کا دور حاضر میں درد کو ظاہر کرنے والے اس ڈرامےمیں مختلف کاسٹ رول میں مسلم اور غیر مسلم طلباء وطالبات نیز ڈرامے کی دنیا کے نامور فنکاروں نے حصہ لیا ۔ زی ٹی وی شو’تجھ سے ہے رابطہ‘ کے معروف آرٹسٹ اصغر مومن نے اس ڈرامے میں پوسٹ مین کا کلیدی کردار نبھاتے ہوئے کامیاب اداکاری کی اورناظرین  اور شائقین ڈرامہ کا دل جیت لیا ۔

دادا کے رول میں ثاقب مومن ، سلمان کے مومن ، مرزا وسیم ، ثاقب انصاری ، ایڈوکیٹ کے رول میں معروف مراسلہ نگار ، معلم اور صحافی عبدالرحمن یوسف شیخ کے فرزندارسلان شیخ ، انسپکٹر کے رول میں امین خان ، ادی انصاری ، بھاگیہ شری سوشٹے ، شفا خان ، ایچ انصاری کے علاوہ چائلڈآرٹسٹ میں سعود مومن ، فائزہ مومن ، قنوت مومن ، عائشہ مومن وغیرہ نے اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔ موسیقی آمین خان اورلائٹ اور میک اپ وسیم اختر کی نگرانی میں جاری رہے اور اس احساسات کو جھنجھلا دینےوالے ڈرامے کے رائٹر و ڈائریکٹر صادق انصاری تھے ۔

اس تقریب میں شہر سے جاری ہفت روزہ حالات کے یکم مئی کو ۲۱؍ سال مکمل ہونے پراخبار ہذا کے مدیر ایم ابوبکر کو معروف طنز ومزاح نگار پروفیسر محمد رفیع انصاری اور عبدالعزیز سر کے ہاتھوں ’فخر صحافت‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ اسی طرح بھیونڈی ڈرامہ اسٹیج سے ترقی پا کر زی ٹی وی شو ’تجھ سے ہے رابطہ‘ میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے معروف اداکار اصغر مومن کو بھی اس موقع پر ’فخر ِاسٹیج‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ۔   جی ایم مومن ہال ناظرین اور شائقین ڈرامہ سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔ عوام نے اداکاروں کی بھرپورپذیرائی کی اور صادق انصاری کو اس نصیحت آموز ڈرامے پر خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.