صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جماعت اسلامی ہند سود سے پاک معاشرہ کی تعمیر چاہتی ہے : رضوان الرحمن خان

64,688

سود کے سبب لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے ، اس انصافی کو ختم کرنے کا جماعت کا قدم قابل تعریف ہے:  اشوک پٹوکار

اکولہ : مقامی دیپک چوک اکولہ میں راحت کو آپریٹو سوسائٹی کا افتتاح جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمن خان کے ہاتھوں ہوا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا جماعت اسلامی ہند نے ناندیڑ ، پربھنی ، پوسد،اورنگ آباد ، سولا پور، ناگپور ، عمرکھیڑ اور اکولہ سمیت مہاراشٹر کے پندرہ اضلاع میں بلاسودی سوسائٹیاں قائم کی ہیں ۔

رضوان الرحمن خان نے کہا جماعت اسلامی سود کو ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے ۔سماج میں تبدیلی لانا ہمارا ہدف ہے ۔ اسلام کی تعلیمات سے سماج کو ہم نے آگاہ نہیں کرایا ، اس لئے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے ۔اگر ہم سماج میں اسلامی تعلیمات کو عام کریں تو سود سے پاک معاشرہ کی تعمیر ممکن ہے ۔ہمارے سماج کا بیشت حصہ غریب اور پسماندہ ہے جس میں اڈانی اور مالیہ جیسے لوگ نہیں ہیں ، اس لئے اس طرح کی سوسائٹیاں ترقی پاسکتی ہیں اور وہ ان کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں کامیابی حاصل کرسکتی ہیں ۔امیر حلقہ نے کہا پوری ریاست مہاراشٹر میں ہماری سوسائٹی کا ٹرن اوور تین سو چودہ کروڑ کا ہے ۔یہ رقم غریب معاشرہ کی ترقی میں کام آسکتا ہے۔

اکولہ شہر قاضی مفتی اشفاق قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا جماعت اسلامی ہند کا یہ کام قابل ستائش ہے وہ قرضداروں کو قرض سے نجات دلانے کی قوت رکھتے ہیں ۔آکولہ ڈسٹرکٹ ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹی کے ڈاکٹر ونائک کاہڈیکر نے کہا اس عظیم کام میں میں بھی شامل ہوا یہ میرے لئے فخر کی بات ہے ۔ضرورتمندوں کو بلاسودی قرض دینا بھیک یا خیرات دینا نہیں ہے بلکہ ان کی مدد کرنا ہے ۔انہوں نے کہا یہ قابل ستائش قدم ہے کہ بلاسودی قرض فراہم کرنے کا کام جماعت اسلامی ہند پورے مہاراشٹر میں کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سوسائٹی کے عمارت کی ترقی کی بجائے یہ نیک خواہشات رکھتا ہوں کہ راحت اربن کو آپریٹو سوسائٹی کے ذریعہ سماج کی پسماندگی دور ہوجائے ۔

مراٹھا سیوا سنگھ کے ضلعی صدر اشوک پٹوکارنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ہند نے خدمت خلق کی جو مشعل جلائی ہے اس کی روشنی کبھی ماند نہ ہو ، سود کے سبب لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے ۔ اس انصافی کو ختم کرنے کا جماعت کا قدم قابل تعریف ہے ۔میونسپل کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر ذیشان نے کہا سماج میں دو طرح کی نا انصافی ہوتی ہے ، ایک طاقت کے اور دوسرے پیسوں کے ذریعے ۔میں سود سے پاک معاشرہ کی تعمیر کے جماعت کے اقدام کی حمایت کرتا ہوں ۔آکولہ جماعت اسلامی کےامیر مقامی  حامد حسین نے کہا کہ بچت گروپ کے ذریعے خواتین کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے ۔سود کے ذریعے سماج میں اونچ نیچ، امیر اور غریب کے درمیان فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے۔پوری دنیا سود کے جال میں پھنستی جارہی ہے ، ہمیں لوگوں کو اس سے نکالنا ہے ۔

پروگرام کی شروعات فیض الحسن قاسمی کے تلاوت قرآن سے ہوا اور مراٹھی میں ترجمہ سید ندیم نے پیش کیا ۔ نظامت عرفان خان اور ڈاکٹر احمد عروج مدثر نے کی۔پروگرام کے مہمانان خصوصی کے طور پر  رضوان الرحمن خان، اشوک پٹوکر، ڈاکٹر ذیشان، ساجد خان پٹھان، جاوید زکریا، مفتی اشفاق قاسمی، حامد حسین، عارف الرحمن چودھری، ڈاکٹر ونائک کاہڈیکر، محمود عثمان، اسماعیل نجمی، شبیر شاہ، ملک شہزاد، خرم عارف خان موجود تھے۔ راحت اربن کوآپریٹو سوسائٹی کے عہدیداران اور اراکین جماعت اسلامی ہند اکولہ نے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ پروگرام میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.