صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

الشفاء چیریٹیبل کلینک میں جشن یوم آزادی منایا گیا

65,012

جماعت اسلامی ہند، اٹالہ یونٹ کے امیر مقامی نے پرچم کشائی کی اور اسٹوڈنٹس کوچنگ سنٹر کی طالبات نے قومی ترانہ گایا

الہ آباد : پریاگ راج کے اٹالہ علاقہ میں جماعت اسلامی ہند کے زیر اہتمام الشفاء چیریٹیبل کلینک اور اسٹوڈنٹس کوچنگ سنٹر میں جشن یوم آزادی منایا گیا۔ جماعت اسلامی ہند کی اٹالہ یونٹ کے امیر مقامی عامر عثمانی نے پرچم کشائی سے جشن کا آغاز کیا۔ اس کے بعد اسٹوڈنٹس کوچنگ سنٹر کی طالبات نے قومی ترانہ گایا اور یوم آزادی پر تقاریر وغیرہ پیش کیا۔

جماعت اسلامی ہند، پریاگ راج کے ناظم شہر جاوید محمد نے شہداء جنگ آزادی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم برطانیہ سے آزاد ہوئے ہیں لیکن غریبی، بیروزگاری، جاہلیت وغیرہ سے ابھی بھی آزادی حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ ملک میں حقیقی آزادی قائم کرنے کے لئے ہمیں تعلیم کے میدان میں آگے آنے کی ضرورت ہے۔

دیگر مقررین میں جماعت اسلامی ہند کی اٹالہ یونٹ کے امیر مقامی عامر عثمانی نے کہا کہ ہمارا ملک برطانیہ کی راست حکومت سے آج ہی دن آزاد ہوا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج تک بنیادی مسائل سے آزاد نہیں ہو سکا۔ انہوں کہا کہ ہم صرف سیاسی طور پر ایک آزاد و خود مختار ملک کے شہری ہیں لیکن سماجی مسائل سے آزاد نہیں ہیں۔ تعلیم، روزگار، توہم پرستی، زات پات وغیرہ کے مسائل سے آزادی ہماری حقیقی آزادی ہوگی۔

الشفاء چیریٹیبل کلینک کے ڈائریکٹر مہتاب عالم نے اس موقع پر بتایا کہ قدرتی وبا کووڈ کے دوران جماعت اسلامی ہند نے عارضی طور پر یہ کلینک قائم کیا تھا لیکن عوام کی ضرورت کے مد نظر جماعت نے اس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کلینک میں ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر رئیس الحق اور ایک بی ڈی ایس ڈاکٹر زیبہ نسرین روزانہ دو گھنٹہ مریض کو دیکھتے ہیں۔ دس روپیہ مشاورت کی فیس لی جاتی ہے اور دوائیں بالکل مفت دیا جاتا ہے۔ روزانہ اوسطً ۵۰ مریض فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اسٹوڈنٹس کوچنگ سنٹر کی صدر مدررس ممتاز شیخ نے یوم آزادی پر تمام شہریوں کو مبارک باد پیش کیا۔ انہوں کوچنگ کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند نے تین سال قبل اسے قائم کیا تھا۔ یہاں پہلے درجہ سے بارہویں درجہ تک مفت تعلیم دی جاتی ہے۔ ہر سال یہاں سے تقریباً ۱۵۰ طالبات مستفید ہوتی ہیں۔ محمد سراج الدین، صاحب عالم انصاری، ڈاکٹر رئیس الحق، ڈاکٹر زیبا نسرین، مہتاب عالم، منتشیٰ، نزہت نعیم، عامر عثمانی، جاوید محمد، طیبہ، ممتاز شیخ، ڈاکٹر مظہر الحق وغیرہ جشن یوم آزادی میں خصوصی طور سے مدعو تھے۔ جشن کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا اور کنوینر نزہت نعیم رہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.