بھارتی مائنارٹی سرکشا مہا سنگھ کے پارٹی دفتر کا افتتاح
ممبئی ،ممبئی کے مسجد بندر کے قریب دانہ بندر میں بھارتی مائنارٹی سركشا مہا سنگھ کے پارٹی دفتر کا آج افتتاح ہوا ۔حاجی مستان مرزا کی صاحبزادی شمشاد سپاری والا نے دفتر کے افتتاح کے بعد پارٹی کے کارکنان اور میڈیا سے بات کی ۔
حاجی مستان مرزا
حاجی مستان مرزا کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔1994 میں اُن کے انتقال کے بعد شمشاد سپاری والا نے اپنے والد کے سوشل ورک کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی۔ممبئی کے ڈان کے لقب سے مشہور حاجی مستان مرزا نے 1989میں دلت مسلم سرکشا مہا سنگھ قائم کی۔جسے 1992میں بھارتی مائنارٹی سرکشا مہا سنگھ کے نام سے پہچانا جانے لگا ۔شمشاد سپاری والا اپنے والد کے کاموں اور ان کی سرگرمیوں کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ اُن کے والد شروع سے ہی سیاسی اور سماجی خدمات انجام دیتے رہے ۔لیکن خود اُنہوں نے کبھی کسی سیاسی انتخاب میں حصہ نہیں لیا ۔ لیکن اب ہم الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پارٹی پہلے بھی انتخابات میں حصّہ لے چکی ہے لیکن خاطر خواہ کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ساتھی ہاتھ بڑھانا
پارٹی کے آل انڈیا ورکنگ پریذیڈنٹ عثمان سمرہ کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی مسلسل کام کرتی رہی ہے۔ہم انہیں مقاصد اور کاموں کو لے کر چل رہے ہیں جن کی بنیاد حاجی مستان مرزا نے ڈالی تھی۔عام لوگوں کے مختلف مسائل،اُن کی ضروریات کو سمجھ کر ہر ممکن مدد کی کوشش کریں گے۔اِس موقع پر انہوں نے عوام سے مودبانہ گزارش کی کہ ہم آپ لوگوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیجئے۔ اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں آپ سب کے ساتھ کی ضرورت ہے ۔
ہم بھی ہیں میدان میں
بلدیاتی انتخابات ہوں یا اسمبلی انتخابات ،اب حاجی مستان مرزا کی تشکیل دی گئی یہ پارٹی ہر سیاسی انتخاب میں اپنی موجودگی درج کرانے کے لیے تیار ہے ۔عثمان سمرہ کہتے ہیں کہ حاجی مستان مرزا نے اپنی زندگی میں جن خدمات کی بدولت عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ،ہم انہیں مقاصد کو لے کر آگے بڑھیں گے ۔