صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دولت آباد سے قریب ابدی منڈی میں علاء الدین خلجی کے زمانے کی تاریخی مسجد آباد

مرمت کا تقریباً کام مکمل ، تزئین کاری وصحن میں شیڈ اور وضو خانے کے لئے مزید امداد کی ضرورت

1,679

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) اللہ کے گھروں کووہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر یقین رکھتے ہیں ۔ اسی آیت کو ذہن میں رکھ کر اور اللہ کی رضا کے لئے غیر آباد مساجد کو آباد کرنے کی سمت شہر اورنگ آباد کے کچھ نوجوانوں نے ذمہ داری لی ہے کہ وہ پرانی تاریخی غیر آباد مساجد کو آباد کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق ہندوستان پر مغلوں سے پہلے خلجی خاندان نے حکومت کی جو کافی وسیع وعریض رقبہ پر موجود تھی ۔ جہاں خلجیوں کی اپنی ایک تاریخ ہے خصوصاًعلاء الدین خلجی کے تعلق سے بہت ساری باتیں مشہور ہیں جس نے قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے نت نئے تجربات کئے جس نے فوجی اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لئے بازار میں ہر چیز کی قیمت مقرر کی اور اس پر سختی سے عمل کروایا اس کے علاوہ روزمرہ کے استعمال چیزوں کو اتنا سستا کردیا تھا کہ ہر عام و خاص انسان اس کو خرید سکے اس کے علاوہ ایجنٹ (دلال) کے نظام کو بالکیہ ختم کردیا تھا اور اناج کو ذخیرہ کرنے پر سخت ترین سزا بھی مقرر کردی تھی ۔ مزید یہ کہ اس نے جاسوسی کا ایک ایسا نظام مرتب کیا تھا کہ بادشاہ کو منڈی کی خبریں براہ راست پہنچ جایا کرتی تھیں ۔

جہاں علائوالدین خلجی نے اتنی ساری اصلاحات ہندوستان میں کیں وہیں مساجد بنانے اور اسے مستقل آباد رکھنے کا انتظام بھی کیا ۔ علائوالدین خلجی کی وفات ۴ جنوری ۱۳۱۶میں ہوئی ۔ اسی سلسلے کی ایک مسجد اورنگ آباد شہر سے قریب دولت آباد ابدی منڈی میں موجود ہے ۔ جو پچھلے کئی سو سالوں سے غیر آباد تھی جسے شہر اورنگ آباد کے کچھ نوجوانوں نے مرمت کر آباد کرنے کا بیڑہ اٹھایا نوجوانان اورنگ آباد نے تحفظ مساجد گروپ بنایا اور ا سکے تحت گزشتہ۲ ماہ میں اس کی قانونی کارروائیاں مکمل کروائیں اور اب مسجد اللہ کے کرم سے باضابطہ آباد بھی ہوگئی ہے ۔ مسجد کے دائیں اور بائیں حصہ کا پلاسٹراورصحن میں شیڈ اور وضو خانہ کے علاوہ مسجد کی تزئین کاری کا کام اب بھی باقی ہے ۔ اس مسجد کا نام مسجد جامع القرآن رکھا گیا ہے کیونکہ گزیٹ میں اس کا نام موجود نہیں ہے ۔ گزیٹ کے ہی مطابق یہ مسجد ۱۲۹۶عیسوی تا۱۳۱۶عیسوی کے درمیان ہی تعمیر ہوئی ہے ۔ جو ہندوستان میں علائوالدین خلجی کا شاہی دور کہلاتا ہے ۔ لہٰذا عوام الناس سے مساجد کو آباد کرنے والوں کی گزارش ہے کہ اس مسجد کے باقی حصوں کی مرمت کے لئے اپنی امداد دامے درمے سخنے دے کر آخر ت کے لئے ذخیرہ جمع کریں ۔ مسجد کے تعلق کسی بھی قسم کی امداد کے لئے اس نمبر9970220171پر ربط قائم کریں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.