صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

لو جہاد قانون پر گجرات حکومت کو ذلت کا سامنا، سپریم کورٹ کا ہائی کورٹ کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار

75,832

نئی دہلی : سپریم کورٹ سے’لو جہاد ایکٹ‘ پر راحت کی امید کر رہی گجرات حکومت کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ جسٹس عبدالنظیر اور جسٹس کرشنا اور جسٹس کرشنا مراری کی بنچ  نے گجرات ہائی کورٹ کے ذریعہ اس قانون کی بعض شقوں پر عائد کردہ پابندی کو ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے میں مداخلت نہیں کر سکتے۔ تاہم سپریم کورٹ نے اس معاملے کی جانچ کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی درخواست پر نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ گجرات سرکار کی اپیل کے خلاف سپریم کورٹ میں جمعیۃ علماء ہند کے وکیل کپل سبل اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایم آر شمشاد موجود تھے، جمعیۃ علماء ہند کے وکیل نے ہائی کورٹ کے اسٹے کو درست قرار دیا اور کہا کہ شخصی اور مذہبی آزادی آئین ہندکی بنیادی روح ہے، اس کے بغیر ملک کا آئین اپنا وجود کھو دے گا۔ گجرات سرکار کی طرف سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتانے اپنا موقف رکھا۔

واضح ہو کہ گزشتہ سال اگست میں گجرات ہائی کورٹ کے دو جج جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس ویرن وشنو نے لو جہاد مخالف قانون کو لے کر ایک اہم فیصلہ سنایا تھا۔ ہائی کورٹ نے لو جہاد ایکٹ کی بعض دفعہ کے نفاذ پر روک لگا دی تھی۔ ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ جمعیۃ علماء گجرات ود یگر کی عرضی پر دیا تھا۔ جمعیۃ نے اس قانون پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، گجرات حکومت نے مبینہ لو جہاد کو روکنے کے لیے 15 جون 2021 کو ‘گجرات مذہبی آزادی (ترمیمی) ایکٹ 2021’ نافذ کیا تھا۔

اپنے فیصلے میں گجرات  ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ جب تک یہ ثابت نہیں ہو جاتا کہ لڑکی کو لالچ میں پھنسایا گیا ہے، تب تک ’لو جہاد ایکٹ‘ کے تحت کسی بھی شخص کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکتی۔ ہائی کورٹ نے  لوجہاد قانون کی اہم دفعات (3، 4، 5 اور 6) پر روک لگا دی تھی۔ گجرات سرکار نے اپنی نظرثانی درخواست میں اس پر ضد کیا تھا کہ کم ازکم دفعہ 5 پرا سٹے ہٹا دیا جائے جسے ہائی کورٹ نے خارج کردیا تھا۔

اس قانون کے تحت تبدیلی مذہب کے لیے مجسٹریٹ کی اجازت ضروری قرار دی گئی تھی، لیکن ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ شادی کے لیے کسی کی اجازت ضروری نہیں۔ گجرات ہائی کورٹ نے حکم میں کہا کہ اس قانون کی دفعات ان لوگوں پر لاگو نہیں ہو سکتی جنہوں نے بین مذہبی شادی میں زبردستی یا دھوکہ دہی کا کوئی ثبوت نہیں دکھایا۔ عدالت نے کہا تھا کہ جب تک یہ ثابت نہیں ہو جاتا کہ لڑکی کو لالچ میں پھنسایا گیا ہے، تب تک کسی کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جانی چاہیے۔

 عدالت کے آج کے فیصلے پر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ اصل لڑائی آئین میں حاصل شخصی و مذہبی آزادی کی بقا کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے آ ئین میں اپنے مذہب اور عقیدے کے ساتھ ہر شخص کو جینے کا حق حاصل ہے، لیکن حال میں چند ریاستی سرکاروں نے اس پر قد غن لگانے کی کوشش کی ہے۔ مولانا مدنی نے اس موقع پر جمعیت علماء گجرات کے ناظم اعلی پروفیسر نثار احمد انصاری اور اس مقدمہ سے جڑے وکلاء کو مبارک باد دی کہ وہ اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.