صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

غریب مریضوں کیلئے مفت پتھالوجی لیب کو منظوری

مذکورہ سہولت سے بڑے اسپتالوں پر پڑرہے اضافی بوجھ کو کم کرکے بہتر صحت خدمات دیئے جانے کی امید ہے

1,392

ممبئی : (ریحان یونس) ممبئی میں خون کی جانچ کے مراکز کی سہولیات کی خواہش بالآخر طویل عرصہ کے بعد پوری ہوئی ۔ آپلی چکتسا نامی تنظیم کے ذریعے ممبئی کے عوام کو بہترین لیباریٹری سہولیات کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے ۔ بدھ کے روز ممبئی عظمیٰ میونسپل کارپوریشن کی مقامی کمیٹی سے لیباریٹری کے قیام کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ عوام کے لئے اندرون 45 یوم اس سہولت کا آغاز کر دیا جائے گا ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا آغاز صحت کے شعبہ میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔ متعدد مسائل اور صلاح مشورہ کے بعد اس نوعیت کی لیباریٹری کے قیام کی منظوری عمل میں آئی ہے ۔ اس لیباریٹری کے ذریعے خون ، پیشاب اور دیگر ٹیسٹ کی سہولیات غریبوں کو بالکل مفت مہیا کی جائے گی جبکہ متوسط طبقہ کو اس سہولت کے لئے 50 اور 100 روپیے ہی ادا کرنے ہوں گے ۔

معمولی بخار اور چھوٹی موٹی بیماریوں کے لئے بھی عوام قریب کے سہولیاتی دواخانوں کی بجائے بڑے اسپتالوں کی جانب رخ کرتے ہیں جس کے سبب بڑے اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ ہوجاتی ہے ۔ اس نئے انتظامی منصوبہ میں دواخانوں کے ساتھ ساتھ شہر کے 16 اسپتالوں جہاں خون کی جانچ کی سہولیات موجود نہیں ہیں وہاں بھی ان سہولیات کا انتظام کیا جائے گا ۔ مریضوں کو 24 گھنٹے سہولیات فراہم کی جائیگی ۔ اس سہولت کے ذریعے تمام 139 اقسام کے ٹیسٹ کیے جائیں گے ۔ اس سہولت کے آغاز کے سبب بی ایم سی کے سرکاری اسپتالوں میں بغرض علاج زیادہ مریضوں کے آنے کی امید ہے اور اس کے سبب دیگر بڑے اسپتالوں میں مریضوں کی بھیڑ کم ہوگی ۔ اس کے علاوہ اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کو تمام قسم کے ٹیسٹ کی سہولیات بھی حاصل ہوں گی اور مریضوں کو خون کی جانچ کے لئے ہونے والی پریشانی سے چھٹکارا ملے گا ۔

بی ایم سی اسپتالوں میں موجود لیباریٹری آپریٹر مریض کا خون لے کر اس کی جانچ کرنے کے بعد رپورٹ اسپتال عملہ کو پیش کرے گا ۔ واضح رہے کی مختلف اقسام کے ٹیسٹ کے لئے مختلف وقت درکار ہوتا ہے اور اس درکار وقت میں 6 گھنٹے سے 5 ہفتے کے درمیان ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کی جاسکے گی ۔ سرکاری اسپتالوں میں اس سہولت کے آغاز سے غریب عوام کو راحت ملے گی اور انہیں پرائیوٹ لیباریٹری میں ٹیسٹ کروانے کے لئے زیادہ فیس ادا کرنے سے چھٹکارا ملے گا ۔ عام آدمی کو نجی لیباریٹری میں خون  ٹیسٹ کروانے کے لئے ایک ہزار روپیے تک ادا کرنے پڑتے ہیں ۔ آپلی چکتسا کے ذریعے ٹیسٹ کے لئے فیس کا تعین کرنے میں کئی مرتبہ تبدیلی کی سفارشات پیش کی گئیں ۔ پہلے برسر اقتدار جماعت کے لیڈر روی راجہ نے اس سہولت کو مفت مہیا کرانے کی تجویز پیش کی جس پر اتفاق نہیں ہوا ۔

بی جے پی گروپ لیڈر منوج کوٹک نے غریبوں کو مفت اور متوسط طبقہ سے 50 اور 100 روپیے معاوضہ لینے کی تجویز پیش کی اور اس تجویز کو شیوسینا کی حمایت سے منظور کر لیا گیا ۔ اس تجویز پر تقریباً 20 منٹ تک بحث و مباحثہ کیا گیا ۔ بی ایم سی اسپتالوں میں دوائوں کے ساتھ ساتھ پیتھالوجی کی سہولیات فراہم کرنے کا خیال ایڈیشنل کمشنر آئی آر کندن نے پیش کیا تھا ۔ جموں کشمیر کی خاتون آئی آر کندن کی اس تجویز پر دو سال قبل کام کا آغاز کیا گیا تھا ۔ ابتداء میں پورے ممبئی میں صرف ایک ہی پیتھالوجی ایجنسی کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ جس کا ٹینڈر بھی نکالا گیا تھا ، پھر ممبئی شہر کو تین حصوں میں تقسیم کر کے نیا ٹینڈر نکالا گیا اس پوری کارروائی کے بعد اس تجویز کو منظوری کے لئے بھیجا گیا ۔

ابتداء میں مفت جانچ کی تجویز پیش کی گئی تھی لیکن اس مفت سہولت سے ناجائز اور غلط استعمال کیے جانے کے پیش نظر اسے منسوخ کر دیا گیا ۔ تجویز کے منظور ہو جانے سے حددرجہ مطمئن کندن نے کہا کہ آپلی چکتسا کے ذریعے ممبئی کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے بی ایم سی مستعد ہے اس سے بڑے اسپتالوں پر پڑ رہے اضافی بوجھ میں کمی واقع ہوگی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.