صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو راحت ، سپریم کورٹ نے گرفتاری پر روک لگائی

87,169

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے غیرقانونی وصولی اور دیگر الزامات کا سامنا کر رہے کئی مہینوں سے مفرور ممبئی پولیس کے معطل سابق پولیس کمشنر پرمبیر سنگھ کو پیر کے روز گرفتاری سے راحت دیتے ہوئے متعلقہ معاملات کی تحقیقات میں شامل ہونے کا حکم دیا۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے راحت فراہم کرنے سے متعلق حکم دیتے ہوئے اس معاملے کی اگلی سماعت چھ دسمبر کو درج کرنے کا حکم دیا۔ پچھلی سماعت میں 18 نومبر کو پرم بیر سنگھ کو گرفتاری سے راحت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

بامبے ہائی کورٹ نے 1988 بیچ کے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر کی عرضی 16 ستمبر کو خارج کر دی تھی۔ بدھ کو ممبئی کی ایک عدالت نے سابق پولیس کمشنر کو مفرور قرار دیئے جانے کے بعد ان کی طرف سے پاور آف اٹارنی کی بنیاد پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اس وقت کے مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ پر 100 کروڑ روپے مانگنے کا سنگین الزام لگانے کے بعد مسلسل تنازعات اور ایک ہوٹل کے مالک سے غیرقانونی وصولی سمیت چھ الزامات سے گھرے آئی پی ایس سنگھ کئی مہینوں سے لاپتہ ہیں۔

ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک ریستوران اور بار کے مالک سے کروڑوں روپے کی غیر قانونی طور پر مانگ کرنے کے الزامات کی بنیاد پر20 اگست کو سابق پولیس کمشنر اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ اس معاملے میں معطل ممبئی پولیس کے انسپکٹر سچن وازے کے علاوہ پانچ دیگر افراد کو جبری وصولی کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔

پولیس نے اس معاملے میں سچن کے علاوہ دیگر ملزمان سمت، الپیش کوگرفتار کیا تھا، لیکن پرم بیر فرار ہیں۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سابق پولیس کمشنر لاپتہ ہیں۔ بدھ کے روز ممبئی کے ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سدھیر بھاجیپال نے کرائم برانچ کے مطالبے پر معطل سابق پولیس کمشنر کو مفرور قرار دیا تھا۔

مہاراشٹر کے دوسرے سب سے سینئر آئی پی ایس افسر کے لاپتہ ہونے کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ شاید وہ بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں۔ 18 نومبر کو جسٹس سنجے کشن کول کی سربراہی والی بنچ نے راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کے وکیل سے پوچھا تھا کہ درخواست گزار پرم بیر ہندوستان میں ہیں یا دنیا میں کہیں اور؟ جب عدالت کو پتہ نہیں چلے گا اور پیش نہیں ہوں گے تب تک بنچ ان کی درخواست پر سماعت نہیں کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.