ممبئی : جس بی جے پی کی چوری رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ، وہ اب سینہ زوری پر اتر آئی ہے۔ دو کلومیٹر دور جنہیں روک دیا گیا تھا، وہ اب یہ کہہ رہے ہیں کہہ انہوں نے تلک بھون پر مورچہ نکالا تھا ۔ رافیل چوری میں جو لوگ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، وہ اب سینہ زوری پر اتر آئے ہیں ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کےجنرل سکریٹری و ترجمان سچن ساونت بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہی ہیں ۔ سچن ساونت نے کہا کہ رافیل چوروں کی ہمت نہیں ہے کہ وہ کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون کے بھی قریب آسکیں ۔
اگر وہ تلک بھون آتے تو جس طرح چوروں کا استقبال کیا جاتا ہے ، کانگریس کے کارکنان ان کا اسی طرح استقبال کرتے ۔ بی جے پی جیسے چوروں کی چیخ پکار پر کانگریس پارٹی کوئی توجہ نہیں دے گی ۔ انہوں نےکہا کہ جب تک چوری کرنے والے چوکیدار کو سزا نہیں مل جاتی ، اس وقت تک کانگریس کے صدر راہل گاندھی کی قیادت میں رافیل کے چوروں کے خلاف ہماری لڑائی جاری رہے گی ۔