ڈی جی ونجارا کے ستارے پھر گردش میں
گواہ اعظم خان کا انکشاف ، ونجارا کے حکم پر سہراب الدین نے گجرات کے وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کا قتل کیا تھا
ممبئی : سہراب الدین شیخ کے مبینہ فرضی مڈبھیڑ معاملے میں ایک گواہ کے روپ میں گینگسٹر اعظم خان نے کئی بڑے انکشاف کئے ہیں ۔یہاں ذیلی عدالت میں گواہ کے بطور پیش ہوئے اعظم خان نے بتایا کہ سہراب الدین نے گجرات کے سابق وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کا قتل کیا تھا ۔خان نے دعویٰ کیا کہ گجرات کے سابق آئی پی افسر ڈی جی ونجارا نے پانڈیا کے قتل کا مبینہ طور پر حکم دیا تھا ۔واضح ہو کہ ونجارا مبینہ فرضی مڈبھیڑ معاملے میں پہلے ہی الزام سے بری ہو چکے ہیں ۔ اس معاملہ میں اگلی گواہی آئندہ ہفتہ بھی جاری رہے گی ۔سال ۲۰۰۳ میں وزیر داخلہ ہرین پانڈیا اپنی کار میںکردہ پائے گئے تھے ۔خان نے کہا کہ اس نے ۲۰۰۲ میں سہراب الدین سے ملاقات کی تھی ۔اس کے بعد اس کی دوستی سہراب ،اس کی بیوی کوثڑ بی اور اس کے ساتھی تلسی پرجا پتی سے ہو گئی تھی ۔عدالت میں اعظم نے ہفتہ کے دن کہا ’اس وقت سہراب الدین نے مجھے بتایا تھا کہ اسے گجرات کے وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کا قتل کرنے کیلئے ڈی جی ونجارا سے پیسے ملے تھے اور اس نے وہ کام پورا کیا ۔پھر میں نے اس سے کہا کہ اس نے جو کچھ کیا ،وہ غلط تھا اور اس نے ایک اچھے انسان کو قتل کردیا ‘۔خان نے بتایا کہ ۲۰۰۵ میں راجستھان پولس نے اسے گرفتار کیا تھا اور اودے پور جیل میں اسے رکھا گیا تھا ۔وہاں اس کی ملاقات پرجا پتی سے ہوئی تھی ۔سی بی آئی کے اسپیشل جج ایس جے شرما کے سامنے بیان درج کراتے ہوئے گواہ اعظم خان نے کہا ’پرجا پتی نے مجھ سے کہا کہ گجرات پولس نے سہراب الدین اور اس کی بیوی کوثر بی کا قتل کردیا ہے ‘۔بتادیں کہ ۲۰۰۵ میں گجرات پولس کے ساتھ ایک مبینہ مڈبھیڑ میں سہراب الدین اور اس کی بیوی کا مارنے کا پولس نے دعویٰ کیا تھا ۔بعد میں گجرات اور راجستھان پولس نے ایک اور فرضی مڈ بھیڑ میں پرجا پتی کو بھی مارنے کا دعویٰ پولس نے کیا تھا ۔ان دونوں مبینہ فرضی مڈبھیڑ کیلئے سی بی آئی کے ذریعہ ملزم بنائے گئے کل ۳۸ افراد میں سے ۱۶افراد الزام سے بری ہو چکے ہیں ۔ بری ہونے والوں میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ ،ونجارا اور راجھتھان پولس کے کچھ سینئر اہلکار بھی شامل ہیں ۔