صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

مولانامحمد اسرارالحق قاسمی کے سانحۂ ارتحال پرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی دینیات فیکلٹی میں تعزیتی نشست 

مولانامحمد اسرارالحق قاسمی کا دنیا سے جانا کسی ایک خطہ کا نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ : پروفیسر توقیر عالم فلاحی 

1,130

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے شعبۂ سنی دینیات میں مولانا محمد اسرارالحق قاسمی کے سانحۂ ارتحال پر تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت کرتے ہوئے دینیات فیکلٹی کے ڈین پروفیسر توقیر عالم فلاحی نے کہا کہ مولانا اسرارالحق قاسمی بڑے عالم دین تھے ، سیاست میں اتنے بلند مقام پر فائز ہونے کے باوجود ان میں انتہائی عاجزی و انکساری پائی جاتی تھی۔ پروفیسر فلاحی نے کہا کہ مولانا کی پوری زندگی دعوتی زندگی تھی اورمولانا کا دنیا سے جانا کسی ایک خطہ کا نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کے لئے آپ کی شخصیت ترجمان کی تھی ۔
ڈائریکٹر کشن گنج سینٹر پروفیسر محمد راشد نے کہا کہ مولاناانتہائی خوش اخلاق تھے جس کی وجہ سے مجھے کبھی اس شہر میں اجنبی ہونے کا احساس نہیں ہوا ۔ صدر شعبۂ ہندی پروفیسر عبد العلیم نے کہا کہ بڑے عالم کی رحلت بہت بڑا صدمہ ہوتا ہے ، آپ نے تقریبا ۱۳۹ ؍ملکوں کا دورہ کیا اور ہر اس جگہ علم کی شمع روشن کی جہاں جہالت و گمراہی کا دور دورہ تھا۔ صدر شعبۂ اسلامک اسٹڈیزپروفیسر عبید اللہ فہد نے کہا کہ مولانا کے جو مضامین سہارا میں چھپتے تھے ان میں توسع اور وسعت نظری حد کمال کو پہنچی ہوئی تھی ، ملت کی صلاح و فلاح کے لئے آپ نے دو دھاروں کو قریب کرنے کی ہر ممکن جدوجہد کی ۔
شعبۂ دینیات کے سینئر استاذ پروفیسر محمد سلیم قاسمی نے مولانا کی انتظامی صلاحیتوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے اندر علم کی زبردست گہرائی تھی اور آپ صائب الرائے تھے ۔ان کی نیکیوں کا ہی نتیجہ تھا کہ آپ کو وفات یوم جمعہ کو نصیب ہوئی ۔شعبۂ سنی دینیات کے استاذ ڈاکٹر مفتی زاہد علی خاں نے بتایا کہ مولانا کی شخصیت ہمارے شعبہ کے لئے ہی نہیں بلکہ پوری ملت کے لیے ایک سرپرست کی تھی جس کے جانے کا دیر تک احساس رہے گا۔
سابق صدر شعبۂ دینیات پروفیسر عبد الخالق نے بھی اپنے خیالات کاا ظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی ۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر محمد حبیب اللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اختتام پر شعبۂ سنی دینیات کے استاذ ڈاکٹر مفتی زاہد علی خان نے مرحوم کے حق میں دعاء مغفرت اور پس ماندگان کے لئے صبر کی دعا کی۔پروگرام میں بڑی تعداد میں فیکلٹی کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے شرکت کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.