صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

اورنگ آباد کے شیوشنکر کالونی سے لاکھوں کا غیر قانونی گٹکا برآمد

 امتیاز جلیل نے پولس ملازمین کے ساتھ مل کر عمارت پر مارا چھاپہ ، گٹکے کے کاروباریوں سے ہفتہ خوری کا الزام

1,322

اورنگ آباد : (جمیل شیخ) اورنگ آباد شہر میں گٹکے کا غیر قانونی دھندہ عرصہ سے جاری ہے بار بار مطالبہ کے باوجود پولس انتظامیہ کی اس جانب توجہ نہ دینے ایف ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی گٹکا کاروباریوں کے خلاف کارروائی نہ کئے جانے پرگذشتہ روز مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل نے پولس اور ایف ڈی اے ملازمین کے ساتھ مل کر شیوشنکر کالونی کے ایک مکان پر چھاپہ مارا جہاں سے لاکھوں کا غیر قانونی گٹکا برآمد کیاگیا ۔ امتیاز جلیل نے اس معاملہ میں پولس انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حکومت  میں بیٹھے سفید پوشوں پر بھی کئی سنگین الزامات عائد کئے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ وہ اس مسئلہ کو آئندہ اسمبلی اجلاس میں پوری شدت کے ساتھ اٹھائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق شہر کو نشہ سے پاک کرنے کے مقصد سے مجلس اتحاد المسلمین نے رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کی قیادت میں نشیلی اشیاء کے علاوہ گٹکا کے خلاف ایک مہم شروع کیا تھا ۔ رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ جنسی پولس اسٹیشن سے پولس کمشنریٹ تک ایک جلوس نکالیں گے اور نشہ کے خلاف لوگوں کو بیدار کریں گے ساتھ ہی انتظامیہ کو یہ پیغام بھی دیا جائے گا کہ وہ شہر کو نشہ سے پاک کرنے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائیں ۔ لیکن جلوس نکالنے کی طئے تاریخ کے آنے سے قبل ہی فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن اور پولس کے اعلی افسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے رکن اسمبلی امتیاز جلیل کو اس میٹنگ میں یقین دلایا تھا کہ وہ جلوس نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیں ۔

جلد ہی نشیلی اشیاء کے ساتھ ساتھ گٹکا کے غیر قانونی کاروبار پر لگام لگانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائیں لیکن کئی ہفتے گزرجانے کے بعد بھی پولس یا ایف بی اے کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ رکن اسمبلی سید امتیاز جلیل کا کہنا ہے کہ جواہر نگر پولس اسٹیشن کے حدود میں شیو شنکر کالونی کے ایک رہائش گاہ سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی گٹکا کے کاروبار کی اطلاع تھی ۔ رکن اسمبلی کے مطابق اس عمارت میں ٹرکوں کے ذریعہ گٹکا لایاجاتا تھا اور یہ یہاں سے مختلف مقامات تک پہنچایا جاتا تھا ۔ انہوں نے بتایا اس گورکھ دھندے کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا وہ اپنی پارٹی کے کچھ ذمہ داران کے ساتھ شیوشنکر کالونی پہنچے رکن اسمبلی نے بتایا یہاں پہنچنے پر انہوں نے متعلقہ ڈی سی پی اور پولس کے ذمہ داران سے رابط کیا ڈی سی پی نے کہا کہ وہ جنسی پولس اسٹیشن میں موجود ہیں ۔ چند منٹوں میں وہ شیو شنکر کالونی پہنچیں گے چالیس منٹ انتظار کرنے کے بعد بھی جب وہ نہیں آئے تو پھر انہیں ایک بار فون کیا گیا تو ڈی سی پی نے بتایا کہ وہ کسی میٹنگ میں مصروف ہیں ۔

رکن اسمبلی امتیاز جلیل نے کہا کہ انہوں نے جواہر نگر پولس کو جب یہ کہا کہ وہ شیوشنکر کالونی میں موجود عمارت کے قریب پہنچ چکے ہیں تو جواہر نگر پولس نے ان سے پوچھا کہ یہ شیو شنکر کالونی ہے کہاں ؟ یہ جواب سن کر بڑی حیرت ہوئی کیونکہ یہ علاقہ اسی پولس اسٹیشن کے تحت آتا ہے ۔ کسی طرح جواہر نگر پولس کے جوان اور انسپکٹر وہاں پہنچے عمارت کا تالا توڑ کر جب اندر داخل ہوئے تو آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں ، پوری عمارت مختلف قسم کے گٹکے کی بوریوں سے بھری ہوئی تھی ۔ اس پورے معاملے پر رکن اسمبلی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ گٹکے کا غیر قانونی دھندہ پولس کی مدد کے بغیر نہیں چل رہا ہے ۔ یہ کاروبار کرنے والے پولس کے متعلقہ انسپکٹر سے لے کر منترالیہ میں بیٹھے وزراء تک کو ہفتہ پہنچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے ۔ وہ اس پورے معاملے کو اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پوری شدت کے اٹھائیںگے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.