صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

پارٹی میں مجرمانہ کردار والے افراد کی شمولیت سے دلبرداشتہ بی جے پی ایم ایل اے انِل گوٹے نے استعفیٰ دیا

1,888

ممبئی : بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے انِل گوٹے نے بی جے پی میں خود کو نظر انداز کئے جانے سے ناراض ہو کر استعفیٰ دے دیا ہے اور اپنی علیحدہ نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ اتوار کو وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے انِل گوٹے سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ گوٹے استعفیٰ نہیں دیں گے ، لیکن گوٹے کو منانے میں وزیر اعلیٰ ناکام ثابت ہوئے ۔ واضح ہو کہ ۹ ؍ دسمبر کو ہونے والے دھولیہ میونسپل کارپوریشن کے انتخاب کے سبب انِل گوٹے اور بی جے پی کے مرکزی وزیر سبھاش بھامرے کے درمیان تنازعہ چل رہا ہے ۔ گوٹے کا الزام ہے کہ بی جے پی دھولیہ ایم این پی کے انتخاب میں خارجی غنڈوں کو پارٹی میں شامل کرکے ٹکٹ دلایا جارہا ہے جبکہ پارٹی کے محنتی کارکنان کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ اسی وجہ سے انہوں نے پہلے ہی پارٹی قیادت کو استعفیٰ کی دھمکی دی تھی ۔ اس کے بعد اتوار کو وزیر اعلیٰ فڑنویس اور پیر کو بی جے پی کے ریاستی صدر رائو صاحب دانوے سے ملاقات کی تھی ۔ انِل گوٹے نے استعفیٰ کے ساتھ ہی اپنی نئی پارٹی بنانے کا علان کرتے ہی اپنی بیوی ہیما گوٹے کو دھولیہ میونسپل الیکشن میں میئر عہدے کا امید وار بنانے کا اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے دھولیہ میونسپل کی سبھی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ گوٹے کی اس بغاوت سے دھولیہ انتخاب سے پہلے ہی بی جے پی کے سامنے ایک نئی مصیبت کھڑی ہوگئی ہے جس سے پارٹی میں اندرونی خلفشار کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.