صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ایڈووکیٹ خالد بابو قریشی نے مہاراشٹر وقف بورڈ میں کل وقتی سی ای او کے تقرر کا مطالبہ کیا  

268,452

ممبئی: وقف بورڈ کے ممبر ایڈوکیٹ خالد بابو قریشی نے ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اور این سی پی لیڈر واقلیتی وزیر نواب ملک سے مہاراشٹر وقف بورڈ میں کل وقتی سی ای او مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وقف  بورڈ ڈائریکٹر س کی آن لائن میٹنگ میں وقف بورڈ کی جائیدادوں کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کروانے کے لئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈوکیٹ قریشی نے نمائندہ اردو ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کے لئے کل وقتی سی ای او کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر حکومت ایک سکریٹری کو اضافی چارج تفویض کرتی ہے۔ اس کی وجہ سے وقف بورڈ میں کام کاج صحیح طریقے سے نہیں ہوتا ہے۔ کل وقتی سی ای او کی تقرری ہونے سے وقف بورڈ کے اثاثوں کو محفوظ اور کارآمد بنا نے میں مدد ملے گی۔ وقف بورڈ کی املاک کے تعلق سے کہا کہ مہاراشٹر میں کل ایک لاکھ ایکڑ زمینیں وقف بورڈکی ہیں جن پر زیادہ تر جگہوں پرپٹرول پمپ، شاپنگ مالس، سنیماگھر، فارم ہاوس کے علاوہ سیاسی لیڈران اپنے اثر و رسوخ کی بنیاد پر ناجائزہ قبضہ کیے ہوئے ہیں۔

ان ناجائز قبضہ جات ہٹانے کے لئے وقف بورڈ میں مستقل سی ای او کی ضرورت ہے مگر ایک سازش کے تحت  برسوں سے اس کی تقرری نہیں کی جا رہی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ وقف بورڈ کی جن زمینوں پر ناجائز قبضہ ہے انہیں حاصل کرکے جس مقصد کے تحت زمینیں وقف کی گئیں ہیں انہیں استعمال میں لایا جائے اور بلا تفریق اس کا حقیقی استعمال ہو ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر مرکزی وزیر مختارعباس نقوی ، شاہنواز حسین ، رکن اسمبلی پونم مہاجن ، مہاراشٹر کے سابق وزیر اور ایم ایل اے ایڈوکیٹ آشیش شیلار سے بھی  ملاقات کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.