صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

ظلم کیخلاف ونچت بہوجن اگھاڑی محروموں اور پسماندہ طبقات کی آواز 

اس محاذ کی کامیابی بھگوا عناصر کیخلاف ایک بندھ ثابت ہوگا

1,234

ممبئی : دو مرحلوں کے انتخابات کے خاتمہ کے ساتھ ہی دیگر حلقوں میں جہاں آئندہ انتخابی عمل مکمل ہونا ہے میں انتخابی گہما گہمی میں تیزی آگئی ہے ۔ امیدواروں کی میٹنگوں اور اپنے حلقہ کے بااثر اشخاص کے علاوہ عام لوگوں سے بھی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر مجلس اتحاد المسلمین کے ممبئی دفتر میں بھی ممبئی شمال وسطی حلقہ سے ونچت بہوجن اگھاڑی کے امیدوار ڈاکٹر عبد الرحمن انجاریہ اور جنوبی ممبئی سے ونچت کے امیدوار ڈاکٹر انل کمار نے عبد الرحمن شاکر پٹنی سے ملاقات کی ۔ واضح ہو کہ ڈاکٹر عبد الرحمن انجاریہ ونچت اگھاڑی کی جانب سے امیدوار ہیں ۔ مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے ممبئی میں کوئی امیدوار نہیں ہے لیکن اس محاذمیں مجلس اتحادلمسلمین شامل ہے اور یہ ابتک کا پسماندہ طبقہ اور مسلمانوں کا سب سے پراثر سیاسی محاذ ہے ۔ عرصہ سے ممبئی کے مسلم حلقوں کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا تھا کہ کم از کم ایک مسلم امیدوار دیا جائے ، اسدالدین اویسی اور پرکاش امبیڈکر کی باہمی کوششوں سے ممبئی شمال وسطی حلقہ سے ڈاکٹر عبد الرحمن انجاریہ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔


ڈاکٹر عبد الرحمن انجاریہ نے کہا کہ وہ سماجی کارکن ہیں اور اسی حیثیت سے وہ عوام کی خدمت ہمیشہ جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا اگرونچت کے امیدوار پارلیمنٹ پہنچ جاتے ہیں تو یاد رکھیں کسی بھگوا گروپ میں اتنی قوت نہیں کہ وہ آپ کے خلاف کوئی اقدام کرسکیں ۔ ہم بھگوا گروپ کیخلاف بندھ کا کام کریں گے ، ہم ان کی شر انگیزی پر لگام لگائیں گے ۔ ملاقات کے دوران مجلس اتحاد المسلمین ممبئی کے صدر عبد الرحمن شاکر پٹنی نے کہا کہ مجلس کے سبھی ارکان و کارکنان ونچت اگھاڑی کے امید وار وں کی حمایت میں عوام سے رابطہ میں تیزی لائیں ۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ وہ دل و جان سے ونچت بہوجن اگھاڑی کیلئے کام کریں اور اپنی پوری محنت ونچت کے امیدواروں کو فاتح بنانے میں لگادیں کیوں کہ ونچت کے امیدوار جیت کر پارلیمنٹ میں جائیں گے تو وہ ہمارے حقوق کی لڑائی لڑیں گے ۔ وہ ظلم کیخلاف ہم محروم اور پسماندہ طبقات کی آواز ثابت ہوں گے۔ جنوبی ممبئی سے ونچت بہوجن اگھاڑی کے امیدوار ڈاکٹر انل کمار جو کہ فی الحال جے جے اسپتال میں معالج کی خدمات انجام دے رہے ہیں نے کہا کہ میں اب بھی عوام کی خدمت کررہا ہوں اور پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہونے پر اس میں مزید اضافہ ہوگا نیز یہ کہ ہم لوگ پارلیمنٹ میں محروم اور پسماندہ طبقات کی آواز بنیں گے ۔ جنہیں دبایا جاتا رہا ہے ہم ان کے حقوق کی لڑائی لڑیں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.