صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

جملے بازی کا اختتام اب محض چندماہ دور : اشوک چوہان

وزیراعظم نے جھوٹ بولنے کی تمام حدوں کو پارکردیا ہے۔ ’وکاس‘ کا ڈھنڈورا پیٹنے سے پہلے یہ بتائیں کہ کلیان ڈومبیولی کے لوگوں کے ساڑھے ۶ ہزار کروڑ کب دیں گے ؟

1,466

ممبئی : شرڈی کے سائی بابا کے سامنے آکر بھی وزیراعظم نے جھوٹ بولا تھا اور اسی روایت کو انہوں نے کلیان میں بھی جاری رکھا ۔ گزشتہ چار سالوں سے جملہ بازی و جھوٹے اعداد وشمار پیش کرکے ترقی کا جھوٹا دعوی کرنے سے زیادہ مودی وریاست میں فڈنویس حکومت نے کچھ نہیں کیا ۔ جھوٹ بول کر وعدوں کی بارش کرنے کی روایت وزیراعظم نے کلیان میں بھی شروع رکھا ہے ۔ انتخابات چند ماہ قبل ہی دور ہیں ، اور اس جملے بازی کا اختتام بہت قریب آگیا ہے۔ حال ہی میں ہوئے پانچ ریاستوں کے انتخابات میں وہاں کی عوام نے بی جے پی کی جملے بازی کا جس طرح اختتام کیا ہے ، اسی طرح مہاراشٹر کی بھی عوام کرے گی ۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہیں ۔

اشوک چوہان نے مزید کہا کہ سڈکو ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اسکیم ۲۰۱۸ کے تحت تقریباً ۸۹۷۷۱ ہزار مکانات کی تعمیر کا افتتاح وزیراعظم کے ہاتھوں آج کلیان میں ہوا ۔ اس پروجیکٹ کے تحت نئی ممبئی میں مختلف ریلوے اسٹیشنوں کے پاس مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔ نئی ممبئی میں تعمیر کئے جانے والے مکانات کا ’بھومی پوجن‘ کلیان میں کس طرح کیا جارہا ہے ؟ اس کا جواب وزیراعظم ووزیراعلیٰ دیوندر فڈنویس مہاراشٹر کی عوام کو دیں ۔ اسی طرح اس ہاؤسنگ پروجیکٹ کا ٹینڈر بھی نہیں نکالا گیا ہے ۔ یہ پروجیکٹ دیگر تجویز کردہ پروجیکٹ کے لئے محفوظ زمینوں پر کیا جائے گا جس کے لئے زمینوں کے استعمال میں تبدیلی ناگزیر ہوگا ۔ انتخابات تک یہ پورا مرحلہ مکمل ہونا ممکن نہیں ہے ۔ اس لئے ’بھومی پوجن‘ کا ڈرامہ کرکے عوام کو پھنسایا جارہا ہے ۔ ان مکانات کی کم ازکم قیمت ۲۵لاکھ روپئے سے زائد ہوگا، ایسا اندازہ ہے ، لیکن پنت پردھان آواس یوجنا کے تحت صرف ڈھائی لاکھ روپئے دیئے جاتے ہیں ۔ اس لئے صرف ۱۰؍فیصد رقم دے کر یہ پروجیکٹ کس طرح منافع بخش ہے ؟  حکومت کی یہ دکھانے کی کوشش ہے ۔

اشوک چوہان نے کہا کہ میٹرو۵ کے لئے تھانے سے بھیونڈی میٹرو پروجیکٹ کا آج وزیراعظم نے ’بھومی پوجن‘ کیا ۔ اس پروجیکٹ کے لئے ایک انچ بھی زمین کا ایکویزیشن نہیں ہوا ہے۔ ماحولیات ومحکمہ جنگلات کی منظوری تک نہیں ملی ہے ، اس میٹرو کا راستہ تک طئے نہیں ہوا ہے اور ٹینڈر تک نہیں نکلا ہے ۔ اس کے باوجود انتخابات کے پیشِ نظر بھومی پوجن کرنے کی حکومت کی یہ کوشش مضحکہ خیز ہے ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا اندو مل میں مجسمہ اورچھترپتی شیواجی مہاراج کا سمندر میں مجسمہ بنانے کا ’بھومی پوجن‘ ہوکر ۳ سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا لیکن ایک بھی اینٹ نہیں رکھی گئی ۔ بہار نیز ممبئی میونسپل کارپوریشن میں اس بھومی پوجن کا استعمال کیا گیا ۔ بلیٹ ٹرین کا بھومی پوجن ہوکر بھی ایک سال کا عرصہ ہوگیا ، لیکن زمین کا ایکوی زیشن نیز راستے کا تعین یہ دونوں ابھی تک نہیں معلق ہے اور ہائی کورٹ کو اس کا نوٹس لینا پڑ رہا ہے ۔ اشوک چوہان نے سوال کیا کہ وکاس وترقی کا جھوٹا ڈھنڈورا پیٹنے سے پہلے یہ بتایا جائے کہ کلیان وڈومبیولی کے لوگوں کا ساڑھے ۶ ہزار کروڑ روپئے کب دیا جائے گا ؟

اشوک چوہان نے کہا کہ سائی بابا کے سامنے جھوٹ بول کر وزیراعظم نے جھوٹ بولنے کی تمام حدوں کو پار کردیا ہے۔ شرڈی میں ریاست کے ۱۶۰۰۰ گاؤں کو خشک سالی سے پاک بتایا گیا اور اس کے بعد محض ۸ دنوں کے اندر ان تمام گاؤں کو خشک سالی سے متاثر قرار دیا گیا ۔ کانگریس کی یو پی اے کے دورِ حکومت میں ۲۵لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ، اس کے بالقابل وزیراعظم نے یہ اسپیشل جھوٹ بولا کہ ہمارے  چارسالہ دورِ میں ۱؍کروڑ ۲۵ لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ۔ آج کلیان میں مودی جی نے کانگریس کے دور میں تعمیر کردہ مکانات کی تعداد میں خود سے پچاس ہزار کا اضافہ کردیا اور کہا کہ کانگریس کے دور میں ۲۵لاکھ ۵۰ ہزار مکانات تعمیر کئے گئے۔ جھوٹ بولنے والوں کے بیانات اسی طرح مسلسل تبدیل ہوتے رہتے ہیں ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ ملک آڈیٹر جنرل نے ۲۰۱۴ میں پارلیمنٹ میں پیش کردہ رپورٹ میں یو پی اے حکومت کے دور میں محض ۲۰۱۱۔۲۰۱۳ کے دوران تقریباً ۷۵ لاکھ مکانات تعمیر کئے جانے کی بات کہی تھی ۔ یو پی اے کے۱۰؍سالہ دورِ حکومت میں سوا دوکروڑ سے زائد مکانات تعمیر کئے جانے کے باوجود وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں ۔ یہ جھوٹ بولنے کا ہی خمیازہ ہے کہ آج مودی جی کی حالت قابل رحم ہوگئی ہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.