آبی بحران سے نپٹنا وقت کی اہم ترین ضرورت : پروفیسر طارق منصور
اے ایم یو کے شعبۂ جغرافیہ کی جانب سے تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ جغرافیہ کی جانب سے عالمی آبی بحران آب و ہوا کی تبدیلی کے دور میں زراعت اور غذائی تحفظ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں دنیا کے مختلف خطوں سے ماہرین شرکت کررہے ہیں ۔
کینیڈی ہال میں کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہاکہ پانی قدرت کی ایک عظیم نعمت ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا ، دوسری طرف آب و ہوا کی تبدیلی پوری دنیا میں دیکھی جارہی ہے ، آب و ہوا کی تبدیلی سے پانی پر بھی برا اثر پڑتا ہے ۔ پروفیسر منصور نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس سے اس مسئلہ کو سمجھنے اور آب و ہوا کی تبدیلی اور آبی بحران سے نپٹنے میں مدد ملے گی ، یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر اشوِن بی پانڈیا (سکریٹری جنرل ، انٹرنیشنل کمیشن برائے آبپاشی و نکاسی) نے کہاکہ پانی پر زندگی کا انحصار ہے اور پانی، غذا و توانائی کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور کانفرنس کے منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس کے شرکاء آب و ہوا کی تبدیلی کے مسئلہ اور اس کے منفی اثرات کا حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔
مہمان اعزازی پروفیسر یوکیو ہِملیاما (صدر، انٹرنیشنل جیوگرافیکل یونین) نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ اے ایم یو کے شعبۂ جغرافیہ نے انٹرنیشنل جیوگرافیکل یونین کی ایکزیکیٹیو میٹنگ اور کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ انھوں نے کہاکہ کرّۂ ارض کو آب و ہوا کی تبدیلی اور آبی بحران سے خطرہ درپیش ہے ۔
انٹرنیشنل جیوگرافیکل یونین کے سکریٹری جنرل پروفیسر آر بی سنگھ نے بتایا کہ نیشنل واٹر مشن ، پانی کے تحفظ و بچت کے ساتھ ریاستوں کے درمیان اس کی منصفانہ تقسیم کے مقاصد کی تکمیل کے لئے کام کررہا ہے ۔
مہمان اعزازی سنٹرل واٹر کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ایس مسعود حسین نے کہا کہ آبی وسائل کے درست نظم و نسق کی ضرورت ہے ۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر کے جے رمیش نے کہا کہ ارتھ سائنسز کی وزارت نے موسم، آب و ہوا ، اور قدرتی آفات کے پیشین گوئی کے نظام کو کافی بہتر کیا ہے ۔
فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین پروفیسر محمد شاکر نے کہاکہ آبی تحفظ اکیسویں صدی کا ایک بڑا عالمی چیلنج ہے ۔ آبی بحران اور غذائی قلت سے نپٹنے کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شعبہ کے سربراہ اور سیمینار کے کنوینر پروفیسر عتیق احمد نے کانفرنس کے انعقاد میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی طرف سے ملنے والے تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر شعبۂ جغرافیہ کے اساتذہ کے ذریعہ تحریر کی گئی پانچ کتابوں کا اجراء بھی عمل میں آیا ۔ شش ماہی مجلہ ’دی جیوگرافر‘ کا بھی اجراء ہوا ۔ کانفرنس میں 18؍غیرملکی مندوبین بھی شرکت کررہے ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر نظام الدین خاں نے شکریہ ادا کیا ۔ افتتاحی تقریب کی نظامت کے فرائض پروفیسر نوشاد احمد نے انجام دیئے ۔