طالبات اپنے ہنر کو استعمال کرکے خود کفیل بنیں : ڈاکٹر حمیدہ طارق
کاؤنسل فار ریسرچ اینڈ امپاورمنٹ آف ویمن کے زیرِ اہتمام سلائی کلاس سر ٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب کا انعقاد
علی گڑھ : سماجی تنظیم کاؤنسل فار ریسرچ اینڈ امپاورمنٹ آف ویمن (کریو)کے زیرِ اہتمام سلائی کلاس سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب کا انعقاد عمل میں آیاجس کا آغاز عائشہ سید بصر کی سورۃ علق کی تلاوت سے ہوا جب کہ تنظیم کی رکن محترمہ تعظیم کبیر نے سورۃ علق کی تفسیر پیش کی ۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی اہلیہ اور ممتاز ماہرِ امراضِ اطفال ڈاکٹر حمیدہ طارق پروگرام کی مہمانِ خصوصی جبکہ محترمہ رضوانہ توقیر اور محترمہ لبنیٰ شبیر اعزازی مہمانان تھیں۔
پروگرام میں سلائی کلاس کی چار طالبات کو سرٹیفکیٹ دئے گئے اور انہیں میں سے اول و دوئم مقام حاصل کرنے والی طالبات کو سلائی مشین دئے جانے کا اعلان کیا گیا۔
مہمانِ خصوصی ڈاکٹر حمیدہ طارق نے طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انھوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنے ہنر کو استعمال کرکے خود کفیل بنیں۔
’کریو‘ کی ڈائرکٹر ڈاکٹر بازغہ دھرو نے سلائی کلاس کا تجزیاتی خاکہ پیش کیا ۔ ’کریو‘ کی سکریٹری محترمہ عرشی ظفرنے مہمانان کا خیر مقدم کیا ۔ جوائنٹ سکریٹری محترمہ ماریہ خاں نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ تنظیم کی رکن محترمہ زینب خاں نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ خازن محترمہ عاصمہ کرمانی کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔ پروگرام کے انعقاد میں ’کریو‘ کی اراکین رعنا منظور ، ثنا عزیز ، نوشابہ نے بھر پور تعاون پیش کیا ۔ پروگرام میں تقریباً250خواتین نے شرکت کی ۔