صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

گیارہویں جماعت و ڈپلوما انجینئرنگ کا داخلہ امتحان خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا

44,637

علی گڑھ  :  علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) میں تعلیمی سال 2021-22 کے لئے گیارہویں جماعت( سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کا مشترکہ داخلہ امتحان اور گیارہویں جماعت(ہیومنیٹیز و کامرس)کا داخلہ امتحان آج اے ایم یو سمیت ملک میں مختلف مقامات پر بنائے گئے 53؍ امتحانی مراکز پرخوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس دوران کووِڈ 19 سے متعلق پروٹوکول پر پوری طرح عمل کیا گیا۔

            علی گڑھ سمیت لکھنؤ، میرٹھ، بریلی ، کولکاتہ، پٹنہ، کشن گنج اور سری نگر میں مختلف مراکز پر داخلہ امتحان منعقد ہوا۔ پہلے میقات میں صبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک منعقدہ گیارہویں جماعت(سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کے داخلہ امتحان میں 18778 درخواست دہندگان میں سے 15415؍ امیدوار شامل ہوئے۔ سہ پہر تین بجے سے پانچ بجے تک گیارہویں جماعت(ہیومنٹیز ؍ کامرس) کا داخلہ امتحان ہوا۔ اس کے لئے 5506؍ امیدواروں نے فارم بھرا تھا۔

            اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، ڈپٹی پراکٹر اور دیگر اہلکاروں کے ہمراہ اے ایم یو اور علی گڑھ کے چنندہ امتحانی مراکز کا جائزہ لیا۔

            علی گڑھ اور باہر کے امتحانی مراکز پر سینئر اساتذہ کو مشاہد اور انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ امیدواروں کی مدد و رہنمائی کے لئے این ایس ایس کے رضاکاروں نے  کیمپ لگائے تھے۔ ضلع انتظامیہ نے بھی داخلہ امتحانات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے ہر طرح کی مدد مہیا کرائی۔ امیدواروں کے سرپرستوں نے تعاون و رہنمائی کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.