صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

دھرنے پر بیٹھے داخلہ کے خواہشمندوں کے الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی : یونیورسٹی انتظامیہ

881

علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی( اے ایم یو) کے ایڈ منسٹریٹو بلاک کے صدر دروازے پر دھرنے پر بیٹھے پی ایچ ڈی میں داخلہ کے خواہشمندوں کی جانب سے لگائے گئے داخلہ میں بے ضابطگی کے الزامات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے اے ایم یو انتظامیہ نے اسے بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے ۔

یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ پی ایچ ڈی میں داخلہ کا عمل مکمل طور پر شفافیت پر مبنی اور قواعد و ضوابط کے مطابق تھا اور تمام امیدواران کے نمبر اے ایم یو کی ویب سائٹ پر موجود ہیں جس سے متعلق کسی نے کوئی شکایت نہیں کی ہے ۔

یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ اے ایم یو میں تعلیمی میقات2018-19میں پی ایچ ڈی کی دستیاب سیٹوں پر داخلہ کا یو جی سی کی ہدایات کے مطابق اعلان کیا گیا تھا اور مجاز امیدواروں کو داخلہ کا موقع دیا گیا تھا ۔

یونیورسٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ احتجاج کر نے والے امیدواروں کو کئی رسمی اور غیر رسمی میٹنگوں میں پی ایچ ڈی میں داخلہ سے متعلق قواعد و ضوابط سے روشناس کرایا جا چکا ہے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ پی ایچ ڈی سیٹوں میں اضافہ کیا جائے جو یو جی سی کی ہدایات کی خلاف ورزی ہوگی جس میں یونیورسٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ صرف پہلے سے طے شدہ خالی سیٹوں پر ہی داخلہ دیا جائے ۔

چند امید وار یہ بھی چاہتے ہیں کہ انہیں ان کے اختصاص کے علاوہ کسی دیگر موضوع میں داخلہ دیا جائے جو داخلہ کے قواعد کے خلاف ہے ۔

یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ یو جی سی اور یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کے خلاف داخلہ دینا ممکن نہیں ہے ، اس لئے مذکورہ امیدواراپنے داخلہ کے مطالبہ پر زور کے لئے دھرنا و احتجاج کر رہے ہیں جو مناسب نہیں ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.