صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

نوعمر ایم ایل اے ذیشان صدیقی کی سینئر لیڈر کیخلاف شکایت

21,374

ممبئی : ایک طرف جہاں سیاسی پارٹیاں آئندہ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی انتخابی تیاریوں میں جٹی ہیں ، وہیں ممبئی کانگریس میں اختلافات کھل کر سامنے آرہے ہیں ۔ ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ کیخلاف نیا مورچہ کانگریس کے نوجوان ایم ایل اے ذیشان صدیقی نے کھولا ہے ۔ انہوں نے جگتاپ کیخلاف کانگریس اعلیٰ کمان سے شکایت کی ہے ۔صدر کانگریس سونیا گاندھی ، راہل گاندھی اور تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اور مہاراشٹر میں کانگریس ذمہ دار ایچ کے پاٹل سمیت تمام بڑے لیڈروں کو لکھے خطوط میں ذیشان صدیقی نے بھائی جگتاپ پر کچھ الزامات عائد کئے ہیں ۔

ایم ایل اے ذیشان صدیقی نے اپنے خطوط میں شدید الزامات عائد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری پارٹی کے صدر ہی میرے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ اپنے اس الزام کے سلسلے میں انہوں نے کچھ واقعات کا حوالہ دیا ہے ۔ ذیشان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ممبئی کانگریس کی جانب سے عوام کو ٹول کٹ تقسیم کرنے کا ایک پروگرام حال ہی میں کیا گیا ۔یہ پروگرام میرے حلقہ انتخاب باندرہ کے تحت آنے والے بی کے سی پولس اسٹیشن میں منعقد ہوا ۔اس پروگرام میں ریاست کے وزیر داخلہ ستیج پٹیل کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔لیکن مقامی ایم ایل اے ہونے کے ناطے مجھے اس پروگرام میں مدعو نہیں کیا گیا ۔

صدیقی نے دوسرا الزام ئی عائد کیا ہے کہ ممبئی کانگریس صدر بھائی جگتاپ پارٹی کے کچھ کارپوریٹروں اور کچھ عہدیداروں سے یہ کہہ چکے ہیں کہ کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے یوتھ کانگریس صدر کے انتخاب میں جن ورکروں نے ذیشان کیلئے کام کیا ہے انہیں ممبئی کانگریس میں کوئی عہدہ نہیں دیا جائے گا ۔

اعلیٰ کمان کو لکھے شکایت نامہ میں ایم ایل اے ذیشان صدیقی نے یہ بھی الزام بھی لگایا کہ ان کے خلاف کام کرنے والوں کو پارٹی میں اہمیت دی جارہی ہے ۔ ممبئی کانگریس صدر کے طور پر بھائی جگتاپ کے کام کے طریقہ کار کو لے کر پہلے بھی پارٹی کے دو جوان لیڈر آوازاٹھاچکے ہیں ۔ممبئی کانگریس کے سابق جنرل سکریٹری اور اے آئی سی سی کے رکن وشو بندھو رائے اور شمال مشرق ممبئی ضلع کانگریس کمیٹی کے سابق صدر پرنیل نائر شامل ہیں ۔

ممبئی کانگریس کی موجودہ ایگزیکیوٹو میں بھی صدر بھائی جگتاپ اور چرنجیت سنگھ سپرا کی من مانی کو لے کر خاصی ناراضگی جتائی جارہی ہے ۔شمالی ممبئی میں بھی ضلع صدر کالو بدھولیا اور ممبئی کانگریس کے ایک عہدیدار کے درمیان کشیدگی سامنے آرہی ہے ۔ بدھولیا کو جگتاپ نے ضلع صدر بنایا ہے ، لیکن شمالی ممبئی کے کانگریس عہدیداروں کا ایک بڑا گروپ انہیں کوئی اہمیتر ہی نہیں دے رہا ہے ۔حال ہی میں ڈیزل پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف کئے گئے احتجاج کے دوران یہ گروہ بندی کھل کر سامنے آگئی ۔

بہر حال اس سارے معاملے میں ممبئی کانگریس صدر بھائی جگتاپ نے ذرائع ابلاغ سے کہا کہ سب کچھ سب کے من کے مطابق نہیں ہوسکتا ۔ ممبئی میں کانگریس کے چار ایم ایل اے ہیں ، ان میں ذیشان سب سے کم عمر ہیں ۔ ان کی جتنی عمر نہیں ہے اس سے زیادہ وقت ان کا سیاست میں بیت چکا ہے ۔پارٹی ان کے تعاون اور ان کے کام کے طریقوں کو اچھی طرح جانتی ہے ، اسی بنیاد پر پارٹی نے انہیں صدر کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ بھائی جگتاپ نے یہ بھی کہا کہ ایم ایل اے ذیشان صدیقی کی جو شکایتیں ہیں ، وہ ان سے گفتگو کرکے اس کا حل ڈھونڈنے نے کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پروٹوکول سب کیلئے برابر ہے ۔

مہاراشٹر کانگریس ،کے ذمہ دار ایچ کے پاٹل ممبئی میں ہیں ۔ پروگرام کے مطابق وہ بدھ سے ہی تین روز کیلئے ممبئی میں مقیم ہیں ۔ اس دوران ریاستی کانگریس اور ممبئی کانگریس کے تمام لیڈروں کے ساتھ ان کی گفتگو بھی ہوئی ۔خبر ہے ان کے سامنے یہ بھی معاملہ اٹھایا گیا۔  

Leave A Reply

Your email address will not be published.