صرف نیوز ہی نہیں حقیقی ویوز بھی

عید الاضحی کے لئے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے سے مسلم مسائل پر ملاقات کے لئے قربانی کوآرڈینیشن کمیٹی کا قیام

عید الاضحی سے قبل کورونا گائڈ لائن جاری کرنے ، جانوروں کی پکڑ دھکڑ و دیگر مسائل کے حل کا مطالبہ بصورت دیگر ہائی کورٹ جانے کا مشاورتی میٹنگ میں انتباہ

54,592

ممبئی : ممبئی  ریاست  بھر میں عید قرباں سے قبل کورونا گائڈ لائن واضح کئے جانے کے ساتھ دیونارمیں منڈی لگانے کی اجازت دیئے جانے اس کے ساتھ ہی جانوروں کی پکڑ دھکڑ سمیت دیگر مسائل کاازالہ کرنے، کورونا وبا کے دوران حکومت مسلمانوں کو قربانی کے فریضہ میں راحت  فراہم کرے ۔ ریاستی سرکار جلد قربانی سے متعلق گائڈ لائن جاری کرے تاکہ مسلمانوں کو ہونے والی دشواریاں دور ہوں۔ اس سلسلے میں مسلم نمائندہ وفد جلد ہی مہاراشٹر کے وزیراعلی ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کر کے قربانی سے قبل گائڈ لائن جاری کرنے کا بھی مطالبہ کرے گا ۔

ممبئی کے حج ہاؤس میں منعقدہ اہم مشاورتی میٹنگ میں مسلم تنظیموں کے نمائندوں و سرکردہ عمائدین شہر و اکابرین نے مذکورہ فیصلہ کیا ہے۔ ایک پریشر گروپ جس کا نام قربانی کو آرڈنیشن کمیٹی رکھا گیا ہے یہ پریشر گروپ قربانی کے مسئلہ پر سرکار اور مسلمانوں میں رابطہ اورمسائل کے حل کی کوشش کرے گا اس مشاورتی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر سرکار عید الاضحی میں قربانی کے لئے اجازت دینے میں ٹال مٹول یا تاخیرکرتی ہے تواس کے خلاف ہائیکورٹ کا بھی دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ اس مشاورتی میٹنگ کی صدارت اقبال میمن افیسرنے کی اور اس سے اتفاق کیا کہ مشاورتی میٹنگ میں جو بھی فیصلہ لیا گیا ہے اس پر حکمت عملی کےتحت پہلے وزیر اعلی سے میٹنگ ہو گی اور مسائل پیش کرکے اسے حل کرنے کا مطالبہ ہو گا ۔

اس میٹنگ میں مولانا ظہیر عباس رضوی صحافی خلیل زاہد ا ور مدیر ہندستان سرفراز آرزو نے قربانی میں معمول کے مطابق ہی قربانی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسلم ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ایم اے خالد نے کہا کہ ممبئی میں عیدالاضحی میں گزشتہ سال کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑاتھا لیکن امسال کچھ راحت کی امید کرتے ہیں کیونکہ ریاست ان لاک ہورہی ہے عید قرباں سے قبل ایک ایسی گائڈ لائن جاری کی جائے جس سے مسلمانوں کو اپنے مذہبی فریضہ کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہو اس پر ریاستی سرکار کو غور کرنا ہوگا کیونکہ جانوروں کے نقل و حمل  میں رخنہ اندازی کی وجہ سے قیمتیں آسمان کو چھوتی ہیں جس سے مسلمانوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دیونار کو پچاس فیصد استطاعت پر کھولنے کی اجازت دی جائے اور مسلم اکثریتی علاقوں میں منڈی لگانے کی اجازت دی جائے یہ منڈی ریزرو مختص پلاٹ پر بی ایم سی کی اجازت کے بعد لگائی جائے۔

شاہ نواز خان بیف شاپ ایسوسی ایشن کے سربراہ نے بتایا کہ تلاسری اور چیک ناکوں پر بکروں کی گاڑیوں کو روک کر کافی نقصان پہنچایا گیا دیونار میں تیرہ کروڑ روپے کی منظوری دیدی گئی ہے لیکن اب تک اس پر کام شروع نہیں کیا گیا ویب سائٹ سمیت تمام تیاریوں کا کام جاری ہے اس سلسلے میں کوشش کرنے کی ضرورت ہےتاکہ قربانی کے لئے کوئی دشواری نہ ہو گائڈ لائن کی پاسداری کے ساتھ قربانی کے عمل کو بہتر طریقے سے عمل میں لایا جائے ۔ منظم طریقے سے مسلم اکثریتی علاقوں میں منڈی لگائی جائے تاکہ اس میں دقت پیش نہ آئے۔ گذشتہ سال وزرا نے قربانی کے مسئلہ پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ جانور مرنے کی وجہ سے کئی ڈیلروں کو نقصان پہنچا ۔ بڑے جانوروں کی قربانی کو تاخیر سے گزشتہ سال اجازت دی گئی تھی اس لئے وہ قربانی متاثر ہوئی بھینس کی قربانی تو دیونار میں ہی لازمی ہے وہ کسی دوسر ی جگہ نہیں کی جاسکتی ۔

بجرنگ دل اور پولس پر ساز باز کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بکروں کی پکڑ دھکڑ اب عام بات ہو گئی ہے دیونار میں ایک لاکھ بکروں کی اجازت ممکن ہے اس میں ہمیں دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے ۔ سلیم سارنگ نے بتایا کہ کورونا کے سبب ہمیں جسمانی فاصلہ اور کورونا اصول و ضوابط کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ جئے ہو فاؤنڈیشن کے سربراہ افروز ملک نے بتایا کہ مختص پلاٹ پر جانوروں کی منڈی کی اجازت دی جائے اگر کوئی گودام والا بکرا منڈی کو کرایہ پر گودام دیتا ہے تو اس پر فی بکرا ایک ہزار روپے پولس پر رشوت لینے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید قرباں سے قبل قربانی کی اجازت دی جائے اگر گائڈ لائن وقت پر جاری نہیں کی گئیں تو حالات خراب ہو جائیں گے۔

ایم آئی ایم لیڈر رضوانہ خان نےکہا کہ گزشتہ سال ہم نے قربانی کے مسئلہ پر احتجاج اور بھوک ہڑتال کیا تھا تلاسری سرحد کا حال انتہائی خراب تھا۔ چار بکروں کو لیجانے پر بھی تشدد برپا کیا جارہا تھا، پولس کیس درج کر رہی تھی ۔ بکروں کی پکڑ دھکڑ نے حالات کو مزید ابتر کر دیا اس کی وجہ سے ممبئی میں قربانی میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔

سابق اقلیتی کمیشن چئیر مین نسیم صدیقی نے اس مشاورتی میٹنگ میں واضح کیا کہ وزارت داخلہ، اینمل منسٹری ، وزارت جانور و فلاح و بہبود اور وزیر نگراں  وزارت نقل و حمل سے عید قرباں کی اجازت کا تعلق ہوتا ہے اس میں وزارت اقلیتی امور کی بھی شمولیت ہے اس لئے ہمیں ان وزارتوں سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔ عید قرباں پر ہونے والے مسائل پر بات کرکے گائڈ لائن کا مطالبہ کرنا ضروری ہے کانگریس کے اقلیتی چئیر مین اور کارپوریٹر ببو خان نے بتایاکہ امسال چونکہ لاک ڈاؤن میں رعایت دی گئی ہے اس لئے بکروں کے نقل و حمل میں ہونے والی دشواریوں کو دور کیا جائے بکروں کی دیونار ترسیل ان دنوں میں مشکل ہے کیونکہ یہاں منڈی لگانے سےبھیڑ کا خدشہ ہے لیکن اس کے باوجود قربانی کے دوران دیونار کو کھولا جائے یہ مسلمانوں کا مطالبہ ہے، اس پر سرکار جلد از جلد غور کر کے گائڈ لائن جاری کرے ۔ میٹنگ کی نظامت متین خان نے کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.